ممبئی: بالی ووڈ کی نامور اداکارہ کرینہ کپور نے ہدایت کار کرن جوہر کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اداکاری کے بعد ریڈیو کی دنیا میں بھی قدم رکھنے کا اعلان کردیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کرینہ کپور نے ریڈیو کی دنیا میں قدم رکھنے سے قبل اپنے شوہر سیف علی خان اور دیرینہ دوست و ہدایت کار کرن جوہر سے 6 ماہ قبل مشورہ کیا۔
کرینہ نے ریڈیو میزبانی کی تربیت حاصل کی اور پھر ایف ایم کے ایک چینل عشق 104.8 میں میزبانی کی درخواست دی، اداکارہ آر جے کا ڈیبیو دسمبر میں کریں گی جس میں وہ بذریعہ کال لوگوں سے بات چیت اور اُن کے سوالات کا جواب بھی دیں گی۔
مزید پڑھیں: کرینہ کپور کے پاکستانی عروسی ملبوسات میں خوبصورت انداز
سیف علی خان کی اہلیہ نے اب تک صرف اداکاری کی دنیا اپنی صلاحیتوں کا لواہا منوایا تھا تاہم اب دیکھنا یہ ہے کہ وہ ریڈیو کے شعبے میں اسکرین پر آئے بغیر کتنی حد تک کامیاب ہوسکیں گی۔
کرینہ نے ریڈیو کی دنیا میں قدم رکھنے کی نہ صرف تصدیق کی بلکہ اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’یہ میرے لیے نادر موقع ہے کہ ایف ایم پر پروگرام کی شروعات کروں، مجھے خود اپنے پہلے شو کا انتظار ہے‘۔
یہ بھی پڑھیں: کرینہ کپور کی جیکٹ، قیمت جان کر آپ دنگ رہ جائیں گے
خیال رہے کہ کرینہ کپور بالی ووڈ انڈسٹری کی ایسی شخصیت ہیں جنہوں نے ہر قسم کا کردار بخوبی نبھایا اور اپنی کامیابیوں کے جھنڈے لہرائے اس کے علاوہ اداکارہ نجی زندگی میں بھی اپنے حسن اور خوبصورتی کو برقرار رکھنے کے لیے کافی جدوجہد کرتی نظر آتی ہیں۔
بالی ووڈ اداکارہ نے بیٹے تیمور کی پیدائش کے بعد بالی ووڈ انڈسٹری میں قدم رکھنے کے لیے جم جوائن کیا جہاں انہوں نے سخت ورزش کے بعد اپنے بڑھتے ہوئے وزن کو قابو کیا۔
رواں برس کرینہ کپور کی نئی فلم ’ویر دی ویڈنگ‘ ریلیز ہوئی جس میں اُن کے ساتھ سونم کپور، سوریا بخشر، سمت ویاس سمیت دیگر اداکار بھی کردار ادا کرتے نظر آئے۔