بالی وڈ فلموں کے مداح آج کل جس فلم کا بے چینی سے انتظار کررہے ہیں ، وہ ٹھگز آف ہندوستان‘ ہے، فلم بینوں کے جذبات کو مہمیز کو کرتا فلم کا ٹریلر جاری کردیا ہے جسے دیکھ کر ہالی وڈ فلم سیریز ’پائریٹس آف دی کیریبئن‘( پی او سی) کی یاد تازہ ہوگئی۔
یش راج فلمز کے بینر تلے بننے والی فلم ‘ ٹھگز آف ہندوستان‘ کا ٹریلر آن لائن ریلیز کردیا گیا ہے۔ یقیناً یہ ٹریلرانٹرنیٹ کی دنیا کی سنسنی خیزی میں تواضافہ کرے گا لیکن فلم بینی کے شوقین افراد کی توقعات اب کچھ مدہم پڑگئی ہیں۔
ٹریلرکے لیے اسٹوری کے آخرمیں اسکرول کیجئے
ٹریلردیکھ کرلگتا ہے کہ امیتابھ بچن اورعامرخان جیسی اسٹار کاسٹ کو لے کربننے والی یہ فلم ، ہالی وڈ کی مشہورِ زمانہ فلم سیریزپائریٹس آف دی کیریبئن کا بھرپورچھاپا ثابت ہوگی۔ ہالی وڈ فلم ( پی او سی) بحری قذاقوں پربننے والی سیریز ہے اورجن فلم بینوں نے وہ سیریز دیکھ رکھی ہے، ٹھگز آف ہندوستان کاٹریلردیکھتے ہوئے ان کے ذہن میں ہالی وڈ بلاک بسٹرکے سین چلنے لگے ہیں۔
ٹریلرکو دیکھ کراندازہ ہوتا ہے کہ فلم کے ویژولزپربے پناہ محنت کی گئی ہے اور شائقین کواس کے ایکشن پرمبنی مناظر پسند آئیں گے، لیکن جب اس کا موازنہ والٹ ڈزنی جیسی مشہورِ زمانہ اینی میشن کمپنی کی فلم سے کیا جارہاہے تو کہنا پڑے گا کہ سی جی آئی ٹیکنالوجی کا ہالی وڈ کے درجے پر استعمال ابھی ہندوستانیوں کے بس کی بات نہیں ہے۔
فلم کی کہانی ہندوستان میں انگریز راج کے آغاز اور آزادی کی جدوجہد شروع ہونے سے پہلے کے دور کے گرد گھومتی ہے جب امیتابھ بچن (خدا بخش نامی بحری قذاق) انگریزوں کی حاکمیت کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے برٹش سپاہیوں کے مدمقابل ڈٹ جاتا ہے۔ ایسا ہی کچھ ہم پائریٹس آف دی کیریبئن میں بھی دیکھ چکے ہیں ، جہاں بحری قذاق سمندروں پرانگریزوں کی اجارہ داری تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے مسلسل ان کے ساتھ مقابلے کے ماحول میں رہتے ہیں۔
امیتابھ بچن اس فلم میں ایک ایسے باغی قذاق کا کردار نبھا رہے ہیں جس نے ایسٹ انڈیا کمپنی کی بالادستی تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے انہیں تباہ و برباد کرنے کی قسم کھا رکھی ہے۔ ایسا ہی کچھ کیپٹن جیک اسپیرو ( جانی ڈیپ) بھی ایسٹ انڈیا کمپنی اور ہسپانوی سلطنت کے خلاف کرتے نظر آتے تھے۔ تاہم ہندوستانی پسِ منظر کے سبب یہ فلم برصغیر کے فلم بینوں کو ’پی او سی‘ سے زیادہ متاثر کرسکتی ہے۔
ٹھگز آف ہندوستان کے ٹریلر میں ہمیشہ کی طرح امیتابھ بچن اپنے کردار کے ساتھ پوری طرح انصاف کرتے نظر آرہے ہیں۔ ان کے سپاہیوں میں سے ایک بے مثال لڑاکے کا کردار فاطمہ ثنا شیخ کرتی نظر آتی ہیں اور اپنے حصے کے ایکشن مناظر واقعی انہوں نے انتہائی خوبصورتی سے نبھائے ہیں۔
ٹریلر میں سمندری جہازوں کی لڑائی ، تلواروں کی جنگ اور بہت سے مناظر دیکھ کر آپ با ر بار کیپٹن جیک اسپیرو کو یا د کرنے پر مجبور ہوں گے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس سب میں ہندوستان کا روایتی تڑکہ شامل ہے جوکہ فلم کو شائقین کے لیے دلچسپ اور مصالحے دار بنا رہا ہے۔
فلم میں مسٹر پرفیکشنسٹ کہلائے جانے والے عامر خان بھی اپنی پوری حشر سامانیوں کے ساتھ جلوہ گر ہورہے ہیں۔ ایک مقام پر عامر خان آپ کو برطانوی حکام کے ساتھ اپنی خدمات کے عوض بھاؤ تاؤ کرتے نظر آئیں گے ، یہاں آپ کو ایک بار پھر کپتان جیک اسپیرو اور برطانوی افواج کے درمیان ہونے والی دلچسپ اور پر مزاح سودے بازی یاد آئے گی۔
فلم کے ٹریلر کو دیکھ کر اس میں جو نیا کچھ نظر آرہا ہے ، وہ یہ ہے کہ عامر خان بار بارخدا بخش کو برطانوی افواج کے لیے دھوکہ دیں گے اور اس دھوکہ دہی کا انجام کیا ہوگا، فی الحال اس پرسے پردہ نہیں اٹھایا گیا ہے۔ ویسے پائریٹس آف دی کیریبئن میں بھی کپتان جیک اسپیرو اورکیپٹن ہیکٹرباربوسہ ایک دوسرے کے ساتھ مسلسل دھوکے بازی جاری رکھتے ہیں۔
اس سب کے باوجود ’ٹھگز آف ہندوستان کا ٹریلر اس وقت انٹرنیٹ پر ہلچل مچانے میں مصروف ہے اور امید کی جارہی ہے کہ یہ فلم برصغیر کے فلم بینوں کی توجہ مکمل طور پر اپنی جانب مبذول کراتے ہوئے کم از کم باکس آفس پر تو کامیابی کے جھنڈے گاڑ ہی دے گی ، آخر کو عامر خان اور امیتابھ بچن کا کسی فلم میں ایک ساتھ جلوہ گر ہونا بھی تو کوئی اہمیت رکھتا ہے ، خصوصاً ایسی فلم جو کہ ہندوستان کی تحریک ِ آزادی کے موضوع پر بنی ہو۔ یہ فلم رواں سال آٹھ نومبر کو سینما گھروں میں پیش کی جائے گی۔