ممبئی: دپیکاپڈوکون اور رنویر سنگھ کے مداحوں کا انتظار ختم ہوگیا کیونکہ دونوں اداکاروں نے شادی کی تصاویر خود ہی شیئر کردیں۔
تفصیلات کے مطابق دپیکا اور رنویر گزشتہ روز اٹلی کے مقام ’کومو‘ میں ازدواجی بندھن میں بندھے، گزشتہ روز تقریب جنوبی بھارت اور ہندو مذہب کے رسم و رجواج کی طرز پر منعقد کی گئی تھی جبکہ آج ہونے والی تقریب سکھوں مذہبی کے طور طریقوں سے منائی جائے گی۔
واضح رہے کہ دپیکا ہندو مذہب جبکہ رنویر سکھ مذہب کے ماننے والے ہیں۔ کومو میں منعقد ہونے والی گزشتہ روز کی تقریب کے میزبان لڑکی کے اہل خانہ تھے جبکہ آج کی تقریب کا انعقاد لڑکے والوں کی طرف سے کیا جارہا ہے۔
مزید پڑھیں: اٹلی: دپیکا اور رنویر ازدواجی بندھن میں بندھ گئے
دونوں اداروں کے اہل خانہ نے قبل از وقت شادی کی تصویر سامنے نہ لانے کا فیصلہ کیا تھا جس کے لیے ہوٹل انتظامیہ سے سخت اقدامات کرنے کی استدعا بھی کی تھی۔
تقریب میں شریک ہونے والے مہمانوں کے موبائل کیمرے پنڈال میں داخل ہونے سے قبل ناکارہ بنا دیے گئے تھے جبکہ تصویر یا ویڈیو کے لیے فضا میں اڑنے والے ڈرونز کی بھی اطراف میں پابندی تھی، سخت سیکیورٹی کے باوجود گزشتہ روز سے ہی تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز سامنے آنا شروع ہوگئی تھیں۔
بالی ووڈ اداکارہ دپیکاپڈوکون اور رنویر سنگھ نے آج اپنی شادی کی تصدیق کرتے ہوئے خود ہی تصاویر سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شیئر کردیں۔
دپیکا اور رنویر نے ویروشکا ’انوشکا شرما ، ویرات کوہلی‘ کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے یہ طریقہ اختیار کیا جیسے ماضی میں دونوں نے ایک ہی تصویر شیئر کرتے ہوئے ایک جیسا اسٹیٹس لکھا تھا۔
مداحوں اور ساتھی فنکاروں نے نوبیہاتا جوڑے کو مبارک باد دیتے ہوئے اُن کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
دونوں اداکاروں کے اہل خانہ نے مہمانوں کے لیے 75 کمرے بک کرائے اور جن میں سے ایک کا کرایہ ایک کروڑ 73 لاکھ بھارتی روپے (3 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں اداکار 18 نومبر کو وطن واپس آئیں گے جس کے بعد وہ 21 اور 28 نومبر کو علیحدہ علیحدہ تقاریب کا اہتمام بھی کریں گے۔