کراچی: پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی اداکارہ ایمن خان اور ساتھی اداکار منیب بٹ 12 ربیع الاول کو نکاح کے بندھن میں بندھ گئے۔
پاکستانی شوبز انڈسٹری کے دونوں ستاروں نے ایک سال قبل منگنی کی تھی، دونوں نے اپنے نکاح کے لیے 12 ربیع الاول کے دن کو منتخب کیا۔
گزشتہ روز اداکارہ ایمن خان اور اُن کے منگیتر منیب بٹ نکاح کے بندھن میں بندھ گئے، دونوں اداکاروں نے تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی شیئر کیں جنہیں مداحوں نے بہت پسند بھی کیا۔
ایمن خان کی جڑواں بہن منال خان نے سب سے پہلے نکاح کی تصویر سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شیئر کیں، جبکہ ایک اور ویڈیو سامنے آئی جس میں اداکارہ نکاح کے وقت کافی جذباتی دکھائی دیں اور والدہ سے گلے مل کر آبدیدہ بھی ہوئیں۔
اداکارہ کا نکاح گھر پر جبکہ منیب بٹ نکاح کے لیے خود مسجد تشریف لے گئے تھے، اس موقع پر اُن کے ہمراہ اہل خانہ، دوست اور دیگر قریبی ساتھی موجود تھے۔
یاد رہے کہ نکاح سے قبل دونوں اداکاروں کی مہندی کی تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا تھا جس میں شوبز انڈسٹری کی شخصیات نے بھی شرکت کی تھی۔
دونوں اداکاروں نے نکاح کے بندھن میں بندھنے کے بعد سیلفیاں بھی بنائیں جنہیں سوشل میڈیا صارفین نے بہت زیادہ پسند کیا۔