کراچی: ستارہ امتیاز حاصل کرنے والی خوبرو اداکارہ مہوش حیات نے اپنی آپ بیتی بیان کردی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی خوبرو اداکارہ مہوش حیات کو ستارہ امتیاز حاصل کرنے سے قبل کن کن مراحل سے گزرنا پڑا، اداکارہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر سب کچھ بیان کردیا۔
مہوش حیات نے کہا کہ جب وہ آٹھ سال کی تھیں تو اپنی والدہ کے ساتھ پہلی بار پی ٹی وی اسٹوڈیو میں گئیں وہ لمحہ میرے لیے بہت خوشگوار تھا، وہاں پر بہت سے لوگ موجود تھے اور اپنے اپنے کاموں میں مصروف تھے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی اسٹوڈیو میں ہر کوئی اپنے کام میں ماہر تھا اور میری والدہ بھی بہت محنتی اور اچھی اداکارہ تھیں، میں نے پی ٹی وی سے ہی سفر کا آغاز کیا، بہت سے لوگ خواب دیکھتے ہیں لیکن میں نے جو خواب دیکھے وہ پورے ہوئے۔
مہوش حیات نے کہا کہ گزشتہ روز اسی چھوٹی سی بچی نے اپنی والدہ کا ہاتھ تھام کر ایوان صدر کا دورہ کیا، اس بچی کو یقین تھا کہ میری ماں ہی ہے جس کی بدولت میں آج اس مقام پر پہنچی ہوں اور بہت سے ممتاز افراد کو اس ایوارڈ سے نوازا جاچکا ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ کراچی کی اس چھوٹی سی لڑکی نے بڑے بڑے خواب دیکھے جو ایوان صدر میں ستارہ امتیاز کا ایوارڈ حاصل کرکے پورے ہوگئے، پی ٹی وی اسٹوڈیو سے ایوان صدر تک کا سفر آسان نہیں تھا لیکن میں نے ہمت نہیں ہاری اور اپنی منزل کو پاکر رہی۔
مہوش حیات نے گورنمنٹ آف پاکستان اور صدر عارف علوی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس قابل سمجھا کہ چھوٹی سی بچی اس ایوارڈ کی حقدار ہے۔
مزید پڑھیں: مہوش حیات بچپن میں کیسی نظر آتی تھیں؟ اداکارہ کی تصویر وائرل
انہوں نے مداحوں کے نام پیغام میں کہا کہ ’امید خوابوں میں ہے‘ لہٰذا اپنے خوابوں کو پورا کرنے کے لیے سخت محنت کریں اور کبھی ہمت نہ ہاریں، کامیابی آپ کے قدم چومے گی۔
آخر میں مہوش حیات نے اپنے دوستوں، مداحوں اور رشتے داروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میرے اس سفر میں سپورٹ کرنے والے تمام لوگوں کی شکر گزار ہوں، انڈسٹری میں میرے ایک ایک قدم نے مجھے اس ایوارڈ کا حقدار بنایا۔