اسلام آباد: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ حیدرآباد میں یونیورسٹی بن کر رہے گی، رکاوٹ ڈالنے والے روک سکتے ہیں تو روک لیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں حیدرآباد یونیورسٹی کے قیام کی تقریب ہوئی جس میں وزیراعظم عمران خان، گورنر سندھ، وفاقی وزرا سمیت دیگر معززین نے شرکت کی۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ میاں محمدسومرو نے یونیورسٹی کے لیے اراضی کی یقین دہانی کرائی ہے،حیدرآبادیونیورسٹی میں رکاوٹ بننےوالوں کو کہناچاہتاہوں کہ یونیورسٹی تو بن کر رہے گی روک سکو تو روک لو۔
خالد مقبول صدیقی کا خطاب
اس موقع پر وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی خالد مقبول صدیقی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ علم کا کوئی مذہب یا قومیت نہیں ہوتی، وزیراعظم یونیورسٹی کے حوالے سے قدم اٹھا رہے ہیں وہ عوام کے حق میں ہے، آزادانسان کی تاریخ انتخاب سے لکھی گئی۔
اُن کا کہنا تھا کہ تعلیم رعایت نہیں بلکہ معاشرے کا حق ہے، یونیورسٹی کا مطالبہ 50 برس پرانا ہے جو آج شرمندہ تعبیر ہورہا ہے۔
فروغ نسیم کا خطاب
قبل ازیں وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان نےنمل یونیورسٹی بنائی جو کامیابی سے چل رہی ہے، گورنرسندھ نے ایم کیوایم کی ہر طرح سے مدد کی، عمران خان زبردست لیڈر اور بہت پیارے آدمی ہیں اسی طرح وزیرتعلیم شفقت محمود بہت اچھی شخصیت کے حامل ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ حیدرآباد یونیورسٹی پی ٹی آئی اور ایم کیوایم کی کاوش ہے جس سے عوام کو فائدہ ہوگا۔
وزیر تعلیم کا خطاب
اس سے قبل وزیرتعلیم شفقت محمودحیدرآبادیونیورسٹی کےقیام کی تقریب سےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ فروغ نسیم اور خالد مقبول کی جتنی تعریف کی جائے وہ کم ہے، یونیورسٹی کا چارٹر تشکیل دے دیا گیا جبکہ فنڈنگ کا مرحلہ بھی شروع ہوگیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ حیدرآباد یونیورسٹی کے لیے اراضی کا بندوبست ہوچکا، یونیورسٹی کا سنگِ بنیاد رکھنے پر عمران خان کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔