بدھ, جنوری 15, 2025
اشتہار

عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی کی موت، جھوٹی خبر پھیلانے والا نوجوان گرفتار

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: گلوکار عطاء اللہ عیسیٰ خان خیلوی کی موت کے حوالے سے سوشل میڈیا پر جھوٹی خبریں پھیلانے والے شخص کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق ایک روز قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک صارف نے عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی کی موت کے حوالے سے بے بنیاد خبر پھیلائی، یہ افواہ اس قدر تیزی سے پھیلی کہ گلوکار کے صاحبزادے خود میدان میں آگئے۔

انہوں نے گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر عطاء اللہ خان عیسی خیلوی کی ویڈیو شیئر کی جس میں گلوکار ہشاش بشاش نظر آرہے تھے، اسی پیغام میں انہوں نے اپنے حوالے سے چلنے والی خبروں کی تردید کی۔

- Advertisement -

گلوکار نے سوشل میڈیا پر اپنی موت کی جعلی خبر پھیلانے والے کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرائی تو چوبیس گھنٹے کے اندر ہی پولیس نے اُس شخص کو گرفتار کرلیا۔

ویڈیو دیکھیں: عطا اللہ خان عیسیٰ خیلوی بالکل خیریت سے اور ٹھیک ہیں، بیٹے نے افواہوں کی تردید کردی

آج بروز جمعہ اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا اللہ عیسیٰ خیلوی نے بتایا کہ میرے انتقال کی جھوٹی خبر ڈیرہ غازی خان سے تعلق رکھنے والے شعیب قیصرانی نے سوشل میڈیا پر پھیلائی جسے پولیس نے گرفتار کرلیا۔

فوک گلوکار کا کہنا تھا کہ میں نے شعیب قیصرانی کو معاف کردیا البتہ اُس کو تھوڑی بہت سزا ضرور ملنی چاہیے تاکہ وہ مستقبل میں کبھی ایسی حرکت نہیں کرسکے۔

سوشل میڈیا پر جعلی خبروں کی روک تھام کے حوالے سے اُن کا کہنا تھا کہ حکومت کو اس حوالے سے مؤثر قانون سازی کرنا چاہیے تاکہ بے بنیاد پروپیگنڈا اور سادہ لوح عوام کو بلیک میل کرنے والوں کے خلاف اقدامات کیے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں: معروف گلوکارعطااللہ عیسی خیلوی کی بیٹی لاریب بھی پاکستان کا نام روشن کرنے میں پیچھے نہ رہی

گلوکار نے مزید بتایا کہ انتقال کی خبر کا سُن کر دنیا بھر میں موجود پیار کرنے والوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی تھی، سعودی عرب میں مقیم مداحوں نے خانہ کعبہ اور مدینہ منورہ میری صحت یابی کے لیے خصوصی دعائیں کی۔ عطاء اللہ خان نے بتایا کہ وہ اب مکمل طور پر صحت مند ہیں اور وہ اسی طرح مداحوں کے لیے گاتے رہیں گے۔

یاد رہے کہ عطا اللہ عیسیٰ خیلوی نے سرائیکی گانوں اور مخصوص انداز کی وجہ سے عوام میں خاصی مقبولیت حاصل کی، گلوکار نے اب تک سب سے زیادہ میوزک البم ریلیز کیے جس کی وجہ سے 1994 میں ان کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں ریکارڈ کیا گیا۔

عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی کا تعلق میانوالی سے ہے، آپ نے لوک گلوکاری کے ساتھ ساتھ اردو زبان میں بھی گانے گائے جن میں سے ایک قمیص تیری گالی ہے، حکومت پاکستان کی جانب سے آپ کو 1991 میں پرائیڈ آف پرفارمنس کا ایواڈ میں دیا جاچکا ہے۔

گلوکار نے تحریک انصاف کے لیے بھی ’بنے گا نیا پاکستان‘ کے نام سے خصوصی گانا گایا، پی ٹی اآئی کا کوئی بھی جلسہ یا پارٹی میٹنگ ایسی نہیں ہوتی تھی جس میں اس ترانے کو نہ چلایا جائے۔

Comments

اہم ترین

عمیر دبیر
عمیر دبیر
محمد عمیر دبیر اے آر وائی نیوز میں بحیثیت سب ایڈیٹر اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں

مزید خبریں