بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

’’ رشی کپور (چنٹو) نے کینسر کو شکست دے دی‘‘

اشتہار

حیرت انگیز

ممبئی : بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار رشی کپور سے متعلق گزشتہ برس سے قیاس آرائیاں جاری تھیں کہ وہ کینسر جیسے خطرناک مرض میں مبتلا ہیں اور امریکا میں اس کا علاج کرارہے ہیں۔

بھارتی میڈیا میں گزشتہ برس سے یہ خبریں زیر گردش تھیں کہ رشی کپور کینسر کے مرض میں مبتلا ہیں اور اُن کی بیماری اب آخری اسٹیج پر پہنچ چکی ہے۔ افواہوں یا مبینہ جھوٹی خبروں کی ایک اہم وجہ یہ بھی ہے کہ اداکار یا اُن کے اہل خانہ نے بیماری سے متعلق مکمل طور پر خاموشی اختیار کی اور بالخصوص گھر والوں کو اداکار نے تاکید کی کہ وہ اس ضمن میں میڈیا کو کچھ بالکل بھی آگاہی نہ دیں۔

بالی ووڈ کے نامور اداکار رشی کپور گزشتہ برس ستمبر کے آخر میں خاموشی سے علاج کی عرض سے امریکا روانہ ہوئے تھے جس کے باعث انہوں نے اپنی والدہ کی آخری رسومات میں بھی شرکت نہیں کرسکے تھے۔

مزید پڑھیں: رشی کپور نے اپنی بیماری سے متعلق خاموشی توڑ دی

بھارتی میڈیا میں گردش کرنے والی افواہوں پر رشی کپور کی اہلیہ، بھائی اور بیٹی نے بھی سخت ردعمل دیا تھا البتہ نیتو کپور نے سال نو کے موقع پر ایک پوسٹ کے ذریعے لیجنڈری اداکار کی بیماری کے حوالے سے اشارہ ضرور دیا تھا۔

بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رشی کپور نے رواں سال کے آغاز پر اپنی بیماری سے متعلق اشارہ دیتے ہوئے انکشاف کیا تھا کہ امریکا میں اُن کا علاج جاری ہے اور اگر سب کچھ ٹھیک رہا تو وہ اپریل میں وطن واپس لوٹ جائیں گے۔

اداکار کا کہنا تھا کہ ’میرا علاج جاری ہے جو کافی طویل اور تکلیف دہ ہے جس کے لیے تحمل اور صبر کی ضرورت ہے مگر بدقسمتی سے یہ سب کچھ مجھ میں موجود نہیں، اگر اوپر والے کی مرضی ہوئی تو میں واپس لوٹ جاؤں گا‘۔

رشی کپور کا مزید کہنا تھا کہ ’میں اپنے علاج پر فوکس کررہا ہوں اچھی بات یہ ہے کہ مجھے فلموں کے بارے میں کچھ نہیں سوچنا پڑ رہا بلکہ ذہن خالی اور پرسکون ہے، یہ وقفہ میرے لیے اچھا ہے کیونکہ اب میں تازہ دم ہوں‘۔

اب کی بار فلم ساز راہول راویل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر لیجنڈری اداکار کے ساتھ اپنی بنائی گئی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’رشی کپور (چنٹو) نے کینسر کو شکست دے کر اس مرض سے نجات حاصل کرلی‘۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں