منگل, جنوری 14, 2025
اشتہار

دھوکا دہی کا الزام، بھارتی اداکارہ کو 6 ماہ قید اور پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزا

اشتہار

حیرت انگیز

ممبئی: بھارتی عدالت نے بالی ووڈ اداکارہ کوئنا مترا کو قرض کی رقم ہڑپنے اور دھوکا دہی کا الزام ثابت ہونے پر 6 ماہ قید اور پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ پر الزام تھا کہ انہوں نے 6 سال قبل اپنی ساتھی ماڈل پونم سیٹھی سے 22 لاکھ روپے کی رقم بطور قرض لی اور واپسی کے مطالبے پر تاخیری حربے استعمال کیے۔

رپورٹ کے مطابق پونم کی جانب سے جب پرزور مطالبہ کیا گیا تو ادکارہ نے انہیں 2013 میں ایک چیک دیا جو باؤنس ہوگیا، ماڈل نے کوئنا کے خلاف ممبئی تھانے میں دھوکا دہی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرایا جس کے بعد انہیں عدالت نے طلب کیا۔

- Advertisement -

ممبئی کی عدالت نے سماعت کے دوران قرض ہڑپنے اور رقم واپسی نہ کرنے کے ساتھ جعلی چیک دینے کا اعتراف کرنے کے بعد اداکارہ کی فوری گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے انہیں 6 ماہ جیل اور پانچ لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کی سزا سنائی۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ سزایافتہ اداکارہ جرمانے کی رقم عدالت کو نہیں بلکہ متاثرہ ماڈل کو ادا کریں گی جبکہ بقیہ پیسوں کی واپسی کے لیے 6 ماہ بعد عدالت معاہدہ طے کرے گی۔

متاثرہ ماڈل کا کہنا تھا کہ انہوں نے اب تک 22 میں سے تقریباً پیسے وصول کرلیے جبکہ ابھی بھی پانچ لاکھ روپے باقی تھے۔ ’’کوئنا سے جب پیسوں کا مطالبہ کیا تو اُس نے پہلے بہانے بنائے اور پھر رقم ادا کرنے سے انکار کیا البتہ جب زیادہ زور دیا تو انہوں نے ادائیگی کے لیے چیک دیا جو باؤنس ہوگیا‘‘۔

رپورٹ کے مطابق قرض کی عدم ادائیگی کا کیس ممبئی کی عدالت میں چھ سال سے زیر سماعت تھا، متاثرہ ماڈل نے اداکارہ کو قانونی نوٹس بھی بھیجے البتہ انہوں نے جواب نہیں دیا جس پر پولیس نے کوئنا کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کیے البتہ انہوں نے پیشی کو یقینی بنایا جس کے بعد جج نے انہیں ریلیف دیا۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ کوئنا نے پونم سیٹھی سے جو رقم قرض کے لیے لی اُس کی واپسی کے لیے ایک چیک دیا جو باؤنس ہوا اور قانونی نوٹس کے باوجود بھی جواب نہیں دیا جس پر انہیں قید اور جرمانے کی سزا سنائی جارہی ہے۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اگر اداکارہ جرمانے کی رقم ادا نہیں کرتیں تو انہیں 90 دن مزید جیل مین ہی گزارنا پڑیں گے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں