ممبئی: بالی ووڈ کے معروف گلوکار ادت نارائن کو اہل خانہ سمیت قتل کرنے کی دھمکی موصول ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بالی ووڈ کو سیکڑوں خوبصورت گیت دینے والے نامور گلوکار ادت نارائن نے ممبئی کے تھانے امبولی پولیس کو اطلاع دی کہ انہیں فون پر قتل کی دھمکیاں موصول ہورہی ہیں۔
انہوں نے اپنی شکایتی درخواست میں مؤقف اختیار کیاکہ رواں سال اپریل کی 6 تاریخ کو پہلی دھمکی آمیز کال موصول ہوئی جس میں کالر نے اہل خانہ اور میرے خلاف نازیبا زبان استعمال کرتے ہوئے قتل کی دھمکی دی۔
ادت نارائن نے بتایا کہ میں نے فون کال کو ٹریس کرنے کی کوشش کی مگر نمبر ہمیشہ بند ملا، اپریل کے بعد سے وقتاً فوقتاً مجھے موبائل اور گھر کے نمبر پر دھمکی آمیز کالز موصول ہوئیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ رواں ماہ میں وینیٹی وین مین میوزک رئیلیٹی شو کے لیے تیار ہورہا تھا تو اسی دوران موبائل پر فون آیا جس پر دوسری طرف سے بولنے والے شخص نے کہا کہ ’’تمھیں تمھارے اہل خانہ سمیت قتل کردوں گا‘‘۔ ادت نارائن کا کہنا تھا کہ کال کے بعد مجھے دھمکی آمیز پیغامات بھی موصول ہوئے، جس کے بعد میں نے شکایت درج کرانے کا فیصلہ کیا۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے معاملے کی تحقیقات کا آغاز کردیا اور گلوکار کو یقین دہانی کرائی ہے کہ دھمکی آمیز کالز اور پیغامات بھیجنے والا شخص جلد قانون کی گرفت میں ہوگا۔