کراچی: پاکستان ٹی وی کے سینئر اداکار عابد علی کی اہلیہ رابعہ عابد نے ویڈیو پیغام کے ذریعے اپنے شوہر کی صحت سے متعلق مداحوں کو بتاتے ہوئے ان کی صحت یابی کے لیے دعا کی درخواست کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے لیجنڈ اداکار عابد علی گزشتہ چند روز سے شدید علیل اور نجی اسپتال میں زیر علاج ہیں، ان کی بیماری کے باعث سوشل میڈیا پر عابد علی کی موت سے متعلق جعلی خبریں بھی گردش کررہی تھیں جن کی ان کے اہل خانہ نے تردید کردی ہے۔
رابعہ عابد علی نے انسٹاگرام پر ویڈیو پیغام کے ذریعے اپنے شوہر کی موت کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ عابد علی سے متعلق غلط خبر سے ہمارے خاندان کو بہت تکلیف پہنچی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عابد علی کچھ دنوں سے زیر علاج ہیں، طبیعت کافی نازک ہے، بیماری اتنی اچانک اور شدید تھی کہ سنبھلنے کا موقع ہی نہیں ملا۔
رابعہ عابد نے کہا کہ دعا کریں کہ عابد علی شوبز میں اسی طرح کام کریں جیسے پہلے کررہے تھے، ڈاکٹر عابد علی کے علاج کی پوری کوشش کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل سینئر اداکار عابد علی جگر کے عارضے میں مبتلا ہوگئے تھے اور انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں منتقل کیا گیا تھا۔
چند روز قبل سوشل میڈیا پر ان کی موت کی خبریں گردش کررہی تھیں جس کے بعد ان کی بیٹی ایمان علی نے مداحوں سے اپیل کی تھی کہ وہ اس طرح کی جھوٹی افواہیں پھیلا کر ہمیں مزید تکلیف نہ پہنچائیں، والد صاحب الحمد اللہ حیات ہیں ان کا علاج جاری ہے۔