اشتہار

کراچی میں لاک ڈاؤن میں سختی کرنے جا رہے ہیں: پولیس

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: ایڈیشنل آئی جی کراچی نے کہا ہے کہ شہر میں لاک ڈاؤن میں سختی کرنے جا رہے ہیں، شہری حکومت سندھ کی ہدایات پر خود سے عمل کریں تو اچھا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن نے شہر قائد میں لاک ڈاؤن پر عمل درآمد کرانے کے سلسلے میں سختی کرنے کا عندیہ دے دیا، ایڈیشنل آئی جی کا کہنا تھا کہ گھروں سے باہر نکلنے والوں کے خلاف اب ایکشن لیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس چاہتی تھی عوام خود سے تعاون کریں، جو لوگ تعاون کر رہے ہیں ہم ان کے شکر گزار ہیں، گلی محلوں میں جمع ہونے والوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی کریں گے، سختی کرنے کا مقصد کرونا کو پھیلنے سے روکنا ہے۔

- Advertisement -
کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن شاہراہ فیصل پر پولیس ناکے پر اہل کاروں کو ہدایات دے رہے ہیں

ایڈیشنل آئی جی نے سڑکوں پر موجود ٹریفک کے حوالے سے بتایا کہ جن لوگوں کو کام پر جانے کی اجازت ہے ان کی وجہ سے سڑکوں پر ٹریفک نظر آ رہا ہے۔

سندھ میں لاک ڈاؤن، شہری صبح ہی سے سڑکوں پر آ گئے

قبل ازیں، غلام نبی میمن نے ایک وڈیو پیغام میں اپیل کی تھی کہ پولیس کا کام عوام کے جان و مال کی حفاظت کرنا ہے، عوام لاک ڈاؤن کے فیصلے پر عمل درآمد کریں، کوشش کر رہے ہیں کہ طاقت کا استعمال کم سے کم کریں، پہلے دن لوگوں کو نہ چاہتے ہوئے بھی گرفتار کرنا پڑا، پولیس اور شہریوں کے درمیان ہم آہنگی ضروری ہے۔

ادھر وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے خبردار کر دیا ہے کہ جو لوگ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کر رہے ہیں وہ ہمیں سخت اقدامات کی طرف لے کر جا رہے ہیں، لوگ نہ مانے تو سیکورٹی اداروں کو سختی کرنا پڑے گی، چھٹیاں باہر گھومنے کے لیے نہیں، عوام کو گھروں میں رہنا پڑے گا۔ انھوں نے کہا کہ عوام سے سختی کرنا پڑی تو پیشگی معذرت کرتا ہوں، لوگ گھر پر نہیں رہے تو حکومت کو کرفیو لگانا پڑے گا۔

Comments

اہم ترین

مزید خبریں