اشتہار

دو سال سے لاپتہ خاتون سمندر میں تیرتی ہوئی برآمد، ناقابلِ یقین واقعہ

اشتہار

حیرت انگیز

پیورٹو کولمبیا کے سمندر سے ایک خاتون تیرتی ہوئی زندہ حالت میں برآمد ہوئیں جو گزشتہ دو سال سے اہل خانہ سے رابطے میں نہیں تھیں۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق دو سال قبل خاتون کا کسی بات پر جھگڑا ہوا جس پر اُن کے شوہر نے نازیبا کلمات ادا کیے تو وہ گھر سے بھاگ گئیں تھیں اور اُس کے بعد سے اہل خانہ سے کسی بھی قسم کے رابطے میں نہیں تھیں۔

اٹلانٹیکو میں واقع پیورٹو  کولمبیا ٹاؤن کے سمندر میں 26 ستمبرکو مچھیرا کشتی میں بیٹھ کر گہرے سمندر میں شکار کے لیے گیا تو اس دوران  اُس کی نظر ایک چیز پر پڑی جو انسان نما معلوم ہورہی تھی۔

- Advertisement -

مچھیرے نے بتایا کہ جب اُس کا تجسس بڑھنے لگا تو وہ اپنی کشتی لے کر وہاں پہنچا تو دیکھا کہ ایک خاتون ٹیوب کی مدد سے سمندر میں سیدھی لیٹی ہوئی ہیں۔

خاتون کو دیکھ کررونالڈو وسبل نامی مچھیرے نے انہیں مخاطب کیا مگر انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا جس پر مچھیرے نے انہیں لکڑی ماری تو وہ یک دم ہڑ بڑا کر اٹھیں اور پھر ہاتھ ہلا کر مدد کے لیے پکارنے لگیں۔

مچھیرے نے جب یہ منظر دیکھا تو وہ سمندر میں کودا اور خاتون کو ریسکیو کر کے انہیں ساحل تک لایا، جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔

خاتون کی شناخت 46 سالہ انگلیکا گیٹن کے نام سے ہوئی۔  رونالڈو کے مطابق ڈاکٹرز نے خاتون کی صحت کو انتہائی کمزور قرار دیا ہے۔

مچھیرے نے جب خاتون سے معاملے کی وجہ جاننے کی کوشش کی تو انہوں نے بتایا کہ وہ ماں ہیں اور دو سال قبل آخری بار اُن کی شوہر سے کسی بات پر لڑائی ہوئی تھی جس کے بعد وہ گھر سے بھاگ گئیں تھیں۔

ڈاکٹرز نے بتایا کہ خاتون کم از کم 8 گھنٹے سے سمندر میں موجود تھیں، جس کی وجہ سے اُن کا جسم بری طرح سے متاثر ہوا جبکہ اُن کی دماغی صحت بھی ٹھیک نہیں ہے۔

خاتون کی بیٹی کو جب اپنی والدہ کے حوالے سے اطلاع ملی تو انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے رابطہ کر کے بتایا کہ ’میری والدہ نے رشتہ ٹوٹنے کے بعد خودکشی کی کوشش کی تھی، وہ دو سال سے ہمارے رابطے میں نہیں تھیں‘۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں