کویت سٹی: کویت کے وزرا اور کابینہ اراکین نے انتظامی معاملات میں کشیدگی پیدا ہونے کے بعد وزیراعظم کو اپنے استعفے پیش کردیے۔
کویت خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کویت کے نائب وزیراعظم، وزیر دفاع اور کابینہ کے تمام اراکین نے وزیراعظم شیخ صباح الخالد الحمد الصباح کو اپنے استعفے پیش کیے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اراکین اسمبلی نے کابینہ اور حکومت کے نئے ڈھانچے کی تشکیل کے معاملے پر اختلاف کرتے ہوئے احتجاجاً اپنے عہدوں سے استعفے دیے۔
یہ استعفے اُس وقت سامنے آئے جب چند روز قبل اراکین اسمبلی نے کابینہ کی تشکیل نو سمیت دیگر امور پر وزیر اعظم سے سوال کرنے کے لئے ایک تحریک پیش کی تھی۔
وزیراعظم شیخ صباح الخالد الصباح نے اراکین کے استعفے امیر کویت شیخ نواز الاحمد الجابر الصباح کے سامنے منظوری کے لیے پیش کردیے جبکہ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ وزیراعظم خود بھی اپنے عہدے سے مستعفی ہوجائیں گے۔
مزید پڑھیں: کویت سے بڑی سیاسی خبر، وزیراعظم کا استعفیٰ منظور
یہ بھی پڑھیں: کویت کے نئے وزیراعظم کون؟ نام کا اعلان ہوگیا
واضح رہے کہ 14 دسمبر کو تشکیل دی جانے والی کابینہ کے استعفے کی توقع اس ماہ کے شروع میں پارلیمنٹ میں پیش کی جانے والی قرار داد کے بعد کی جارہی تھی۔
تیس اراکین اسمبلی کی جانب سے پانچ جنوری کو ایوان کے پہلے سیشن میں قرار داد پیش کی گئی جس میں وزیراعظم سے قومی چلینجز، معاشی تنزلی اور انتخابات میں شکست کی وجہ کے حوالے سے مختلف سوالات پوچھے گئے ہیں۔
وزیراعظم کو 19 جنوری کو ہونے والے اسمبلی اجلاس میں اُن تمام سوالات کے جوابات دینا ہیں جو اراکین اسمبلی نے اُن سے کیے ہیں۔ جی سی سی کے مطابق اسمبلی اور حکومت کے درمیان تنازع کئی روز سے چل رہی ہے اور اب اس میں ڈیڈ لاک بھی پیدا ہوچکا ہے۔