اشتہار

افطار سے سحری تک کاروبار کی اجازت اور پابندیوں میں نرمی کی جائے، سندھ حکومت سے اپیل

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے چیئرمین زبیر میمن موتی والا نے سندھ حکومت سے اپیل کی ہے کہ عید سے قبل بقیہ ایام میں افطار سے سحری تک تمام دکانیں کھولنے کی اجازت دی جائے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے چیئرمین نے سندھ حکومت سے عید سے قبل آخری 2 دن افطار سے سحری تک تمام دکانیں کھولنے کی اجازت دینے کی اپیل کی ہے۔

اپنے بیان میں اُن کا کہنا تھا کہ ’ کراچی میں کرونا کیسز کے اعدادو شمار اتنے برے نہیں،دکان داروں کو بدھ اور جمعرات کو افطار سے سحری تک کاروبار کرنے دیا جائے‘۔

- Advertisement -

زبیرمیمن موتی والا کا کہنا تھا کہ ’ سندھ حکومت پریشان حال دکان داروں اور چھوٹے تاجروں کو کاروبار کی اجازت دے کر رحم دلی کا مظاہرہ کرے کیونکہ ایس او پیز کی وجہ سے کاروباری افراد کو معاشی طور پر بڑے نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے‘۔

مزید پڑھیں: چیمبر آف کامرس نے عید کی طویل تعطیلات کو مسترد کر کے حکومت سے بڑا مطالبہ کردیا

انہوں نے کہا کہ ’اس نقصان کا ازالہ اسی طرح ممکن ہے کہ شہر میں تمام بازار اور دکانیں آخری دو روز رات کے وقت کھولنے کی اجازت دی جائے، جس کی گنجائش بھی موجود ہے، اس اقدام سے شہری اپنی عید کی مکمل خریداری کرسکیں گے‘۔

زبیرمیمن موتی والا کا کہنا تھا کہ ’ کراچی چیمبر پر سندھ حکومت کو کاروبار کی اجازت پر قائل کرنے کے لیے شدید دباؤ ہے،کمرشل مارکیٹوں کے نمائندوں نے ان 2 دنوں میں ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کی یقین دہانی کروائی ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’ کے سی سی آئی کی تجویز پر عمل کرنے سے بازاروں میں رش نہیں لگے گا اور سماجی فاصلے کو بھی یقینی بنایا جاسکے گا،اُمید ہے کہ سندھ حکومت 2 روز کے لیے افطار سے سحری تک کاروبار بند رکھنے کی پابندیوں میں نرمی کرے گی‘۔

زبیرمیمن موتی والا کا کہنا تھا کہ ’سندھ حکومت کاروبار کو مزید تباہی سے بچانے کے لیے کے سی سی آئی کی تجویز  پر ہمدردانہ غور کرے اور پریشان حال عوام و تاجر برادری کی مشکلات کو کم کرنے کے لئے آگے آئے کیونکہ غیر معمولی صورت حال میں سخت پابندیوں کی وجہ سے معاشرے میں ہر طرف بے یقینی اور نا اُمیدی نظر آرہی ہے‘۔

چھوٹے تاجران کی خصوصی کمیٹی کے چیئرمین مجید میمن اور کے سی سی آئی کے رہنما شارق وہرہ نے بھی سندھ حکومت سے آخری دو روز میں بازار کھولنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی : عید تک مارکیٹیں کھولنے کی اجازت دی جائے، تاجروں‌ کی چیف جسٹس اور آرمی چیف سے اپیل

مجید میمن کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ’کرونا وبا کے باعث کئی دکاندار محدود کاروباری سرگرمیوں کی وجہ سے پہلے ہی شدید اور سنگین بحران کا سامنا کررہے ہیں، اگر ان دو روز اجازت نہیں دی گئی تو کئی کاروبار صفحہ ہستی سے مٹ جائیں گے‘۔

Comments

اہم ترین

انجم وہاب
انجم وہاب
انجم وہاب اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں اور تجارت، صنعت و حرفت اور دیگر کاروباری خبریں دیتے ہیں

مزید خبریں