جمعرات, مئی 16, 2024
اشتہار

دین کے نام پر کسی نے ظلم کیا تو انھیں نہیں چھوڑیں گے: عمران خان

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دین کے نام پر ملک میں کسی نے ظلم کیا تو انھیں نہیں چھوڑیں گے۔

تفصیلات کے مطابق آج اسلام آباد میں سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کے لیے سرکاری سطح پر تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس سے خطاب میں وزیر اعظم نے کہا کہ ہم سب نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ ایسا واقعہ نہیں ہونے دینا، اور دین کے نام پر کسی نے ظلم کیا تو انھیں نہیں چھوڑیں گے۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا لوگوں پر توہین کا جھوٹا الزام لگا کر جیل میں ڈال دیا جاتا ہے، پھر اسے کوئی وکیل ملتا ہے نہ ہی جج فیصلہ کرتا ہے۔

- Advertisement -

وزیر اعظم نے کہا کہ سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی نے پریانتھا کمارا کے اہل خانہ کے لیے ایک لاکھ ڈالر کا اعلان کیا ہے، بیوہ کو تنخواہ بھی دی جائے گی۔

انھوں نے سری لنکن شہری کی جان بچانے کی کوشش کرنے والے ملک عدنان کو بہادری اور شجاعت کے اعتراف میں سند سے بھی نوازا۔

وزیر اعظم ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں وزیر اعظم پاکستان نے آنجہانی پریانتھا کمارا کے خاندان، سری لنکن حکومت اور عوام سے اظہار تعزیت کیا، تقریب میں وفاقی وزرا، سری لنکن ہائی کمشنر نے بھی شرکت کی۔

عمران خان نے کہا ملک عدنان کو دیکھ کر ہمیں فخر ہوا کہ اس نے جان بچانے کی کوشش کی، ملک میں رول ماڈل کی بہت ضرورت ہوتی ہے، مجھے امید ہے ہماری یوتھ ملک عدنان کو دیکھ کر یاد کرے گی کہ ایک انسان تھا جو حیوانوں کے سامنے کھڑا ہوا تھا۔

انھوں نے کہا افسوس ہے کہ سیالکوٹ واقعے پر پوری دنیا سے پیغام آئے، سیالکوٹ واقعے پر اوورسیز پاکستانی شرمندہ ہیں، ملک عدنان کو ملک کی طرف سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں، 23 مارچ کو ملک عدنان کو تمغہ شجاعت سے نوازا جائے گا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں