اسلام آباد: متعدد پولیو کیسز سامنے آنے پر پاکستان اور افغانستان نے قومی انسداد پولیو مہم رواں ماہ چلانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان اور پڑوسی ملک افغانستان میں انسداد پولیو مہم بیک وقت چلائی جائے گی، وفاقی حکومت نے صوبوں سے قومی پولیو مہم پر مشاورت مکمل کر لی ہے، قومی انسداد پولیو مہم بیک وقت ملک بھر میں چلائی جائے گی۔
ذرائع وزارت قومی صحت نے بتایا کہ ملک گیر قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز 23 مئی سے ہوگا، تین روزہ پولیو مہم، اور دو روز کیچ اپ ڈیز ہوں گے، جب کہ حساس علاقوں میں پانچ روزہ پولیو مہم، اور دو کیچ اپ ڈیز ہوں گے، کیچ اپ ڈیز میں رہ جانے والے بچوں کی پولیو ویکسینیشن کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق حساس علاقوں میں مقامی برادریوں کے تعاون سے پولیو مہم چلائی جائے گی، کیمونٹی بیسڈ پولیو ویکسینیشن علاقائی برادریوں کے تعاون سے ہوگی، اور حساس علاقوں میں اسپشل موبائل ٹیمیں پولیو مہم چلائیں گی۔
شمالی وزیرستان پولیو کے نشانے پر، ایک اور کیس سامنے آ گیا
قومی انسداد پولیو مہم میں 4 کروڑ 33 لاکھ بچوں کی ویکسینیشن ہوگی، پنجاب میں 21.97 ملین بچوں کی پولیو ویکسینیشن کا ہدف ہے، جب کہ سندھ میں 9.97 ملین بچوں کی پولیو ویکسینیشن کا ہدف ہے۔
خیبر پختون خوا میں 7.3 ملین بچوں کی پولیو ویکسینیشن کی جائے گی، بلوچستان 2.63 ملین، آزاد کشمیر 7 لاکھ 10 ہزار، گلگت بلتستان میں 2 لاکھ 70 ہزار، جب کہ اسلام آباد میں 4 لاکھ 10 ہزار بچوں کی پولیو ویکسینیشن کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
اس مہم میں 3 لاکھ 42 ہزار 49 فرنٹ لائن ورکرز حصہ لیں گے، 32 ہزار279 ایریا انچارج ہوں گے، جب کہ 8 ہزار 998 یو سی ایم اوز پولیو مہم میں تعینات ہوں گے، 2 لاکھ 73 ہزار 612 موبائل، 10586 فکس، اور 13170 ٹرانزٹ ٹیمیں مہم میں ڈیوٹی دیں گی۔