ہفتہ, مئی 11, 2024
اشتہار

نجم سیٹھی کو دوست نے 4 سال پہلے بابر اعظم سے متعلق کیا کہا تھا؟ دلچسپ گفتگو سنیں

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کو 4 سال قبل ان کے دوست نے بابر اعظم سے متعلق کیا کہا تھا اس کی دلچسپ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

گزشتہ روز قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کو آئی سی سی کی جانب سے ملنے والی ٹرافیاں دینے کی تقریب لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر چیئرمین پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی اور بابر اعظم کے مابین دلچسپ گفتگو بھی ہوئی جس میں نجم سیٹھی نے اپنے دوست کی چار سال قبل بابر اعظم سے متعلق کی گئی پیشگوئی کے بارے میں بھی بتایا۔ خوشگوار انداز میں ہونے والی یہ گفتگو پی سی بی نے سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے۔

اس ویڈیو میں سنا اور دیکھا جا سکتا ہے کہ نجم سیٹھی قذافی اسٹیڈیم کے گراؤنڈ میں داخل ہوتے وقت کپتان بابر اعظم کے سامنے انکشاف کرتے ہیں کہ 4 سال پہلے میرے ایک دوست نے کہا تھا کہ بابر اعظم نامی لڑکے کا خیال رکھنا وہ مستقبل میں ایک عظیم بیٹر بنے گا۔

- Advertisement -

جس پر میں نے اپنے دوست سے کہا کہ کون بابر اعظم میں تو نہیں جانتا۔ نام بھی نہیں سنا۔ دوست نے کہا کہ وہ انڈر 19 کا کپتان رہا ہے۔ آپ یاد رکھیے گا میں آپ کو کہہ رہا ہوں ایک دن آئے گا وہ ایک عظیم بلے باز بنے گا۔

نجم سیٹھی نے ہنستے ہوئے کہا کہ وہ دن ہے اور آج کا دن میں اپنے اس دوست کو داد دیتا ہوں اور کہتا ہوں کہ بابر تو دنیا کا نمبر ایک بلے باز بن گیا ہے، مجھے ایک دو نام اور بتاؤ۔

اس موقع پر چیئرمین پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی نے سوال کیا کہ بابر آپ اس عمر میں آپ کو جو شہرت ملی ہے، اس کو کس طرح محسوس کرتے ہیں؟ جس پر جواب دیتے ہوئے کپتان نے کہا کہ میں صرف محنت کرتا ہوں، کوشش کرتا ہوں چیزوں کو آسان رکھوں۔ اپنے مائنڈ سیٹ کو آسان اور فوکس رکھتا ہوں، جس کی وجہ سے کرکٹ آسان ہو جاتی ہے۔

نجم سیٹھی نے بابر اعظم سے پوچھا کہ اتنی کم عمر میں اتنی زیادہ کامیابی پر فکر نہیں ہوتی کہ اگر کبھی آؤٹ آف فارم ہوئے تو کیا ہوگا؟ جس کا جواب دیتے ہوئے بابر نے کہا کہ میں ہر طرح کے حالات کے لیے خود کو تیار رکھتا ہوں۔

 

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ جو آپ سوچتے ہیں یا کرنا چاہتے ہیں وہ کبھی کبھی نہیں ہوتا، جب آپ گرتے ہیں، آؤٹ آف فارم ہوتے ہیں تب سپورٹ چاہیے ہوتی ہے۔

دوران گفتگو نجم سیٹھی نے بابراعظم کے قد پر بھی مزاحیہ تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بابر قد میں میرے سے لمبا ہے، یا میں چھوٹا ہو رہا ہوں جس پر بابر نے کہا کہ میرا قد 5 فٹ 10 انچ ہے اور اس وقت جوتے بھی بڑی ہیل والے پہنے ہوئے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں