کوئٹہ میں وفاقی وزیر اسرار ترین کی گاڑی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کوئٹہ پشین اسٹاپ پر وفاقی وزیر اسرار ترین کی گاڑی پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور راہگیر بچہ زخمی ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان نے ہیلمٹ پہن رکھے تھے۔
پولیس کا بتانا ہے کہ گاڑی میں اسرار ترین موجود نہیں تھے، گاڑی میں اسرار ترین کی گھریلو سیکیورٹی پر مامور اہلکار بیٹھے تھے۔
اسرار ترین کے بھتیجے کا کہنا ہے کہ گاڑی ہمارے گھر جارہی تھی کہ اس پر فائرنگ کی گئی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں گارڈ محمد یوسف اور ڈرائیور ضیا الدین شامل ہیں جبکہ فائرنگ سے زخمی ہونے والے بچے کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو محاصرے میں لے کر موقع سے شواہد اکٹھے کرلئے، تھانہ سول لائن کی پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کررہی ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اسرار ترین کا کہنا ہے کہ فائرنگ کی زد میں آنے والی گاڑی میرے کزن کی ہے، متاثرہ گاڑی شہزاد ترین کی ذاتی ملکیت ہے۔
انہوں نے کہا کہ جاں بحق افراد شہزاد ترین کے باڈی گارڈ تھے، میں اسلام آباد میں موجود ہوں ابھی واقعے کا علم ہوا۔