کراچی : امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے وسائل اور اختیارات پر قبضہ کیا ہوا ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میئر کراچی کا حلف ہوچکا ہے، مگر یوسی چیئرمین کو چارج منتقل نہیں ہوا۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے وسائل اور اختیارات پر قبضہ کیا ہوا ہے، آئین کے مطابق مالی انتظامی اختیارات بلدیاتی نظام کو منتقل ہونے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ کونسل میں اپنا تعارف کرانے نہیں بلکہ شہر کے مسائل حل کرنے آئے ہیں، کراچی کی ترقی کے دشمن طبقے کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔
رہنما جماعت اسلامی نے کہا کہ شہر قائد کے مکین بدترین بنیادی مسائل سے دوچار ہیں شہر مین بسنے والی تمام لسانی اور مذہبی اکائیوں کو اس کا سامنا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ ہمارے ٹاؤن اور یوسی چیئرمینوں کو اب تک اختیارات نہیں دیے گئے، اگر اسی طرح ہوتا رہا تو احتجاج کیا جائے گا۔