کراچی : نگراں وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز سے مذاکرات کے لئے 8ستمبرکو کراچی پہنچیں گے،جس میں سابقہ حکومت کے ساتھ ہونے والے معاہدے سے متعلق بات ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز کی ہڑتال کی دھمکی کام کرگئی ، نگراں وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم جمعے 8ستمبرکو کراچی پہنچیں گے۔
پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالسمیع کا کہنا ہے کہ ڈیلرز مارجن پر عملدرآمد یکم ستمبر 2023 سے 31 اکتوبر 2023 تک مکمل ہونا تھا، 24 جولائی کو پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالسمیع ،چئیرمین اوگرا مسرور خاناور ڈی جی آئل عمران احمد کے درمیان معاہدہ طے پایا تھا، یکم ستمبر گزر گئی ڈیلرز مارجن میں اضافہ نہیں کیا گیا۔
عبدالسمیع کا کہنا تھا کہ پی ایس او ہیڈ آفس میں نگراں وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم محمد علی سے پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز کا وفدملاقات کرے گا، پاکستان پیڑولیم ڈیلرز وفاقی وزیر سے سابقہ حکومت کے ساتھ ہونے والے معاہدے پر جلد عملدرآمد کی اپیل کریں گے۔
سابقہ حکومت نے پیڑولیم ڈیلرز کے فی لیٹر مارجن میں 1.64 پیسے اضافے کا معاہدہ کیا تھا، پیڑولیم ڈیلرز مارجن میں 41 پیسے کے حساب سے اضافہ چار اقساط میں کرنے کا معاہدہ ہوا تھا۔
عبد السمیع خان نے کہا کہ نگراں وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم معاہدے پر عملدرآمد کریں ، حکومت نے معاہدے پر عمل نہیں کیا تو مجبورا ملک بھر میں پیڑول پمپس بند کردیں گیں ، ملاقات میں ڈیلرز مارجن کے علاوٴہ پیڑول اور ڈیزل کی اسمگلنگ پر بھی بات ہوگی۔