پیر, مئی 20, 2024
اشتہار

لیبیا میں سیلاب درنہ شہر ڈبو کر 11 ہزار افراد کو نگل گیا، اٹلی نے فوج بھیج دی

اشتہار

حیرت انگیز

طرابلس: لیبیا میں سیلاب درنہ شہر ڈبو کر 11 ہزار افراد کو نگل گیا، اٹلی نے امدادی سرگرمیوں کے لیے فوج بھیج دی، جب کہ عالمی ادارہ صحت نے ایمرجنسی فنڈ کا اعلان کر دیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق لیبیا کے ہلال احمر نے کہا ہے کہ ساحلی شہر درنہ میں ہلاکتوں کی تعداد 11,300 ہو گئی ہے، ڈیم ٹوٹنے سے درنہ شہر ڈوب گیا ہے، ڈبلیو ایچ او نے لیبیا کے لیے 2 ملین ڈالر ایمرجنسی فنڈ کا اعلان کر دیا۔

ہلال احمر نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ بحیرہ روم کے شہر میں مزید 10,100 افراد اب بھی لاپتا ہیں، جب کہ تین سو سے زائد افراد کو بچا لیا گیا ہے، اور شہر میں مواصلاتی نظام بحال ہو گیا ہے۔

- Advertisement -

لیبیا کے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ وہ اتنی بڑی آفت کا سامنا تنہا نہیں کر سکتے، اٹلی نے امدادی سرگرمیوں کے لیے اپنی فوج لیبیا بھیج دی، اطالوی بحریہ کا ایک جہاز امداد لے کر لیبیا پہنچ گیا ہے، ترکیہ، قطر، سعودی عرب سے بھی امداد بھیجی جا رہی ہے۔

درنہ کے میئر عبدالمنعم الغیثی نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ تباہ ہونے والے محلوں کی تعداد کے پیش نظر مرنے والوں کی تعداد 20 ہزار تک پہنچ سکتی ہے۔

اتوار کی رات آنے والا تباہ کن سیلاب درنہ میں پورے پورے خاندان بہا کر لے گیا تھا۔ سیلاب میں بچ جانے والے ایک زخمی شہری نے میڈیا کو بتایا کہ پانی کی سطح سیکنڈوں کے اندر اندر اچانک بہت زیادہ بڑھ گئی، اس نے بتایا کہ اسے اور اس کی ماں کو بھی سیلاب بہا کر لے گیا تھا لیکن خوش قسمتی ایک خالی عمارت میں پہنچ کر ان کی جانیں بچ گئیں۔

بن غازی میڈیکل سینٹر میں علاج کے لیے داخل ایک مریض نے بتایا کہ جب سیلاب آیا تو وہ عمارت میں اوپر کی منزل کی طرف جانے لگے، اور جیسے جیسے وہ چوتھی منزل کی طرف چڑھتے گئے پانی بھی ان کے ساتھ ساتھ بلند ہوتا گیا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں