12.3 C
Dublin
اتوار, مئی 12, 2024
اشتہار

کسی بھی وقت اسلام آباد میں کارروائی ہوسکتی ہے: جان اچکزئی

اشتہار

حیرت انگیز

کوئٹہ: نگراں وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا ہے کہ کسی بھی وقت اسلام آباد میں کہیں بھی کارروائی ہوسکتی ہے۔

نگراں وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ماہ رنگ مسنگ پرسن بنا کر ریاست کو بدنام کرنے کی کوشش کررہی تھی، سارا کھیل بے نقاب ہونے کے بعد اسلام آباد انتظامیہ سے اپیل ہوگی انہیں ڈھیل نہ دیں یہ پاکستان کو تسلیم نہیں کرتے کسی تخریب کاری کیلئے اسلام آباد میں بیٹھے ہیں۔

نگراں وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ جن لوگوں کو انہوں نے مسنگ پرسنز بنایا ہوا تھا وہ دہشت گرد ایران میں مارے گئے، اسلام آباد دھرنے میں ماسک پہنے لوگ کالعدم تنظیموں کے دہشت گرد بھی ہو سکتے ہیں۔

- Advertisement -

ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی وقت اسلام آباد میں کہیں کوئی کارروائی ہوسکتی ہے، اس کیمپ سے انتظامی طور پر نمٹا جائے یہ عدالتی معاملہ نہیں، اسلام آباد میں جاری دھرنے کو ختم کرایا جائے۔

جان اچکزئی کا کہنا تھا کہ خواتین کا یہ ٹولہ دہشت گردوں کی ڈھال بن رہا ہے، اسلام آباد میں کسی بھی وقت یہ لوگ امن وامان کی صورتحال کا باعث بن سکتے ہیں اگر خدانخواستہ کوئی دہشت گردی ہوتی ہے تو زمہ دار کون ہوگا؟

جان اچکزئی کا کہنا  تھا کہ یہ اسلام آباد میں بیٹھے زہریلا پاکستان مخالف بیانیہ پھیلا رہے ہیں، کوئی بھی دشمن ایجنسی مظاہرین کو استعمال کر کے فائدہ اٹھا سکتی ہے، طویل دھرنے اور ریاست دشمن حمایت کو روکا جائے۔

انہوں نے کہا کہ دھرنے والے اپنے ہینڈلر سے گائڈ لائن حاصل کررہے ہیں، اسلام آباد میں متعلقہ افراد سے اپیل کرتا ہوں سمجھداری کا مظاہرہ کریں، علیحدگی پسند لوگوں کی وجہ سے 80 فیصد حملے ہوئے ہیں، اسلام آباد کو مسکن بنانے والے یہ کسی اور ملک میں نہیں بیٹھ سکتے تھے۔

جان اچکزئی نے کہا کہ کشمیر پر بھارت کی ترجمانی کرنے والے دارالحکومت میں سہولیات لینے کے قابل نہیں انہیں دی جانے والی سرکاری سہولیات کا سلسلہ بند کیا جائے، وطن دوست اور دشمن لوگوں میں فرق رکھا جائے، انہیں زیادہ سر پر چڑھانا ملک اور قوم کے مفاد میں نہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں