غزہ: فلسطین کے محصور علاقے غزہ کی پٹی میں اسرئیلی فوج کے وحشیانہ حملے تھم نہ سکے، 115 ویں روز بھی صہیونی فورسز نے وحشیانہ بمباری جاری رکھی۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شمالی اور جنوبی غزہ میں اسرائیلی فورسز کی شدید بمباری میں مزید 165 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں، جب کہ 290 زخمی ہو گئے۔
7 اکتوبر کے حماس حملے کے بعد سے غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں فلسطینی شہدا کی مجموعی تعداد 26 ہزار 442 ہو گئی ہے، جب کہ صہیونی فوج کے حملوں میں 65 ہزار سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
گزشتہ 8 روز سے غزہ کے العمل اسپتال کا محاصرہ بھی جاری ہے، اسپتال کے اطراف صہیونی فورسز اور فلسطینی مزاحمت کاروں کے درمیان شدید جھڑپیں جاری ہیں، حماس نے اس دوران اسرائیلی کے 4 ٹینک بتاہ کر دیے ہیں، دوسری طرف مغربی کنارے سے اسرائیلی فوج نے مزید 9 فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
اقوام متحدہ کا امریکا سے امدادی ادارے کی فنڈنگ جاری رکھنے کا مطالبہ
ادھر الجزیرہ کے مطابق انسانی حقوق کے ایک گروپ کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی عدالت انصاف (آئی سی جے) کے عبوری فیصلوں کے بعد 48 گھنٹوں میں اسرائیل نے غزہ میں اتنے ہی فلسطینیوں کو قتل کرنا جاری رکھا جتنا کہ وہ ان فیصلوں سے پہلے کر رہا تھا۔ جنیوا میں قائم یورو میڈیٹیرینین ہیومن رائٹس مانیٹر کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے آئی سی جے کی جانب سے نسل کشی سے متعلق فیصلے کے بعد دو دنوں میں کم از کم 373 فلسطینیوں کو شہید کیا جن میں سے 345 شہری تھے، اور 643 دیگر کو زخمی کیا۔