جمعہ, مئی 17, 2024
اشتہار

بابر اور شاہین کی گلے ملنے کی ویڈیو وائرل

اشتہار

حیرت انگیز

قومی کپتان بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک دوسرے کو گلے لگا کر قیادت کی تبدیلی کے بعد ٹیم میں اختلافات کی افواہوں کی تردید کر دی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے گزشتہ ماہ شاہین شاہ آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت سے سبکدوش کر کے ٹیم کی کمان ایک بار پھر بابر اعظم کے سپرد کی تھی جس کے بعد مختلف حلقوں کی جانب سے ٹیم میں گروپ بندی بالخصوص بابر اعظم اور شاہین شاہ میں تناؤ کی افواہیں گردش کر رہی تھیں۔

ان افواہوں کو شاہین شاہ کے اچانک کاکول میں فٹنس کیمپ چھوڑنے اور سوشل میڈیا پر معنی خیز پیغام نے بھی ہوا دی تاہم نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ نے افواہوں کو ہوا میں اڑا دیا۔

- Advertisement -

نیوزی لینڈ کے خلاف گزشتہ روز پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سیریز کا پہلا میچ تو بارش کے باعث نہ ہوسکا اور صرف دو گیندیں پھینکی گئیں مگر بارش صرف میچ ہی نہیں بلکہ ٹیم میں اختلافات اور گروپ بندی کی افواہوں کو بھی ساتھ بہا کر لے گئی۔

ہوا کچھ یوں کہ نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن بارش آڑے آ گئی۔ نیوزی لینڈ نے بیٹنگ شروع کی تو دوسری جانب شاہین شاہ آفریدی نے بولنگ کا آغاز کیا۔

اس موقع پر کپتان بابر اعظم شاہین شاہ کے قریب آئے اور دونوں نے دوستانہ انداز میں ایک دوسرے کے ہاتھ پر ہاتھ مارے اور اسکے بعد گلے لگے اور کپتان نے بولر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

 

میچ کی کوریج کرنے والے ٹی وی کیمروں نے یہ منظر محفوظ کر لیا جس کے بعد یہ کلپ سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہوگیا۔ اس ویڈیو کو صارفین کی بڑی تعداد دیکھ چکی ہے اور دونوں کرکٹرز کو سراہتے ہوئے ٹیم میں اختلافات کی باتیں کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں بھی لے رہی ہے۔

اس میچ میں بھی شاہین شاہ نے پہلے ہی اوور میں وکٹ لینے کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے دوسری گیند پر ٹم روبنسن کو بولڈ کر دیا۔ اس موقع پر بارش نے ایک بار پھر میدان میں انٹری دی جس کے بعد میچ کو منسوخ کر دیا گیا۔

واضح رہے کہ میچ سے قبل بابر اعظم نے پریس کانفرنس میں واضح انداز میں کہا تھا کہ اپنے اور شاہین کے درمیان اختلافات کی باتیں سن کر حیران ہوں جب کہ ہم دونوں آپس میں دوست ہیں۔

سیریز کا دوسرا میچ ہفتہ 20 اپریل کو پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا اور یہ میچ بھی بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ پانچ میچوں کی سیریز کے ابتدائی تین میچز پنڈی اور دو میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں