اسلام آباد : سرکاری ملازمین کے لئے بڑی خبر آگئی، حکومت نے اہم سرکاری ادارے کو بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے اہم وفاقی سرکاری ادارے پاک پی ڈبلیو ڈی کو بند کرنے کا فیصلہ کرلیا اور سیکرٹری ہاؤسنگ کو جامع پلان ایک ہفتےمیں پیش کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم آفس کی ایڈیشنل سیکرٹری نے مراسلہ وزارت ہاؤسنگ کو ارسال کردیا ہے ، جس میں کہا ہے کہ سیکرٹری ہاؤسنگ وزیرہاؤسنگ کےساتھ مل کرپلان مرتب کریں.
واضح رہے کہ پاک پی ڈبلیو ڈی سرکاری دفاتر اور رہائش گاہوں کی تزئین و آرائش کا ذمہ دار ہے، ادارے کے ملک بھر میں دفاتر ہیں۔
یاد رہے گذشتہ ماہ وزیراعظم شہباز شریف نے اسٹریٹجک ریاستی ملکیتی اداروں کے علاوہ تمام دیگر حکومتی ملکیتی اداروں کی نجکاری کا اعلان کیا تھا۔
وزیراعظم نے اس حوالے سے تمام وفاقی وزارتوں کو ضروری کارروائی اور نجکاری کمیشن سے تعاون کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت کا کام کاروبارکرنا نہیں بلکہ کاروبار اور سرمایہ کاری کیلیے دوست ماحول یقینی بنانا، سہولتیں اور آسانیاں فراہم کرنا ہوتا ہے۔