گرمیوں کی سالانہ چھٹیاں شروع ہوچکی ہیں، ایسے میں بچوں کی خوشی دیدنی تو ہے ہی لیکن والدین کی اکثریت پریشان ہے کہ ان دو ماہ میں بچوں کو کون سی سرگرمیوں میں مشغول رکھا جائے۔
کسی بھی انسان کی شخصت میں توازن لانے کے لیے آرام، گھر والوں کے ساتھ وقت گزارنا، سماجی تعلقات، دیر تک سونا اور دیگر مشغولیات نہایت ضروری ہیں، ان دو ماہ کی چھٹیوں میں والدین بچوں کی تربیت کیلئے خصوصی وقت بھی متعین کرسکتے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں ایجوکیشنل کنسلٹنٹ سکینہ خانم نے والدین کو مختلف مشوروں سے آگاہ کیا اور بچوں کی مصروفیات سے متعلق گفتگو کی۔
انہوں نے بتایا کہ بہت سے والدین بچوں کو سمر کیمپ کی سہولت فراہم کرتے ہیں لیکن وہ سب کیلئے ممکن نہیں اس لیے بہتر ہے کہ بچوں کو گھر میں ہی اس قسم کی سرگرمیوں میں مشغول رکھا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ والدین بچوں کے ساتھ زیادہ سے زیادہ وقت گزاریں اور بیٹا یا بیٹی کی تفریق کیے بغیر گھر کے تمام کاموں میں ان کو شامل کریں اور گھر کے سارے کام کرنے کی عادت ڈالیں۔
سکینہ خانم نے بتایا کہ بچے والدین کو دیکھ کر سیکھتے ہیں والدین کو چاہیے کہ بچوں کو پینٹنگ ڈرافٹنگ رائٹنگ اور آرکیٹیکچر جیسے کورسز بھی کروائیں۔