کراچی: ٹرانسپورٹ کینیڈا کی انسپکشن ٹیم نے پاکستان میں ایوی ایشن کے سیکیورٹی انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا ہے۔
ٹرانسپورٹ کینیڈا کی ٹیم کی جانب سے جناح ایئرپورٹ کی ایوی ایشن سیکیورٹی اسسمنٹ مکمل کرلی گئی، پی آئی اے کی براہ راست کینیڈا پروازوں کیلئے اضافی اقدامات اور اے ایس ایف کی کاوشوں کو سراہا گیا ہے۔
اے ایس ایف نے کہا کہ جانچ کا مقصد کراچی ائیرپورٹ پر ایوی ایشن سیکیورٹی کو عالمی معیار پر پرکھنا تھا، پی آئی اے کی براہ راست کینیڈا پروازوں کیلئے اضافی سیکیورٹی اقدام کو جانچنا تھا۔
اےایس ایف کی نیشنل انسپکٹرز پر مشتمل ٹیم نے ٹرانسپورٹ کینیڈا کی ٹیم کو بریفنگ دی، اسسمنٹ ٹیم کو ایئرپورٹ سیکیورٹی ڈیپلائمنٹ اور داخلی کنٹرول پر بریفنگ دی گئی۔
اسکریننگ، پاسز اجرا، گاڑیوں اور اسٹاف اسکریننگ، ہنگامی حالات سے نمٹنے سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی، انسپکشن ٹیم نے ہوائی اڈے پر مختلف حفاظتی اقدامات کے نفاذ کا بغور معائنہ کیا۔
خیال رہے کہ ٹرانسپورٹ کینیڈا کی 2 رکنی ٹیم 3 روزہ کراچی ائیرپورٹ پر ایوی ایشن سیکیورٹی اسسمنٹ کیلئے 15 جولائی کو کراچی پہنچی تھی۔