لاہور : پنجاب میں مون سون بارشوں کے چوتھے اسپیل میں مختلف شہروں میں بادل برس پڑے، جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں مون سون بارشوں کے چوتھے اسپیل نے انٹری دے دی، مختلف شہروں میں بادل برس پڑے ، جس سے گرمی اور حبس میں کمی آگئی۔
گجرات میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ وزیرآباد اور گردونواح میں بھی تیزہواؤں کے ساتھ بادل خوب برسے۔
بارش کے بعد گیپکو کے متعدد فیڈرز ٹرپ کرگئے کئی علاقوں میں بجلی بند ہوگئی، محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ پچیس جولائی تک جاری رہے گا۔
پنجاب کے پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز نے مون سون کی شدید بارشوں کے امکان کے پیش نظر متعدد شہروں میں فوری سیلاب کی وارننگ جاری کردی ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کا کہنا تھا کہ سیلاب کے زیادہ خطرے والے شہروں میں راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، جھنگ، اور ٹوبہ ٹیک سنگھ شامل ہیں۔
الرٹ نے میں کہا گیا کہ موسلادھار بارش اور آندھی مٹی کے گھروں، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز اور سولر پینلز کی ساختی سالمیت کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا، بلوچستان اور سندھ کے کئی شہروں میں بھی بادل برسنے کا امکان ہے۔۔ گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کےبیشترعلاقوں میں آج موسم گرم اور شدید حبس کی کیفیت برقرار رہےگی لیکن شام کےاوقات میں کہیں ہلکی توکہیں تیزبارش کا امکان ہے