بالی ووڈ کے معروف اداکار رنبیر کپور نے اپنے والد آنجہانی رشی کپور کی شخصیت سے متعلق بڑا انکشاف کیا ہے۔
رنبیر کپور کا شمار بالی ووڈ کے باصلاحیت اداکاروں میں ہوتا ہے، وہ آخری بار فلم اینیمل میں نظر آئے تھے، جو 2023 کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ہندی فلموں میں سے ایک ہے۔
رنبیر نے بالی ووڈ میں اپنی اداکاری کا آغاز سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ساوریا سے کیا، اس کے بعد سے وہ کئی فلموں میں بھرپور پرفارمنس سے ناظرین کو متاثر کر رہے ہیں، رنبیر سپر اسٹارز اور غیر معمولی فلم سازوں کے خاندان کا حصہ ہیں، لیکن پھر بھی، وہ ہمیشہ سب سے الگ نظر آتے ہیں۔
رنبیر کپور کو اپنے والد سے پہلی بار کب مار پڑی، اداکار کا انکشاف
حال ہی میں انہوں نے نکھل کامتھ کے ساتھ پوڈ کاسٹ میں اپنے والد رشی کپور کے ساتھ اپنے تعلقات کے بارے میں بات کی، جہاں انہوں نے بتایا کے ان کے والد کے رویے نے انہیں بہت متاثر کیا۔
اداکار رنبیر کپور نے انکشاف کیا کہ ان کے والدین، اداکار رشی کپور اور اداکارہ نیتو سنگھ کی مسلسل لڑائیوں نے اِنہیں شدید صدمہ پہنچایا جس کی وجہ سے وہ ہمیشہ خوفزدہ رہتے تھے۔
اداکار نے کہا کہ میں ایک فلمی گھرانے میں پلا بڑھا ہوں، میں نے اپنی فیملی کی کامیابی اور ناکامی دونوں کا مشاہدہ کیا، جب میں بڑا ہو رہا تھا، تو گھر میں اکیلا رہتا تھا اور سیڑھیوں پر بیٹھ کر والدین کی لڑائی دیکھتا تھا۔
اداکار نے کہا کہ اس دوران میری بڑی بہن ردھیما کپور بیرونِ ملک تعلیم حاصل کرنے گئی ہوئی تھیں، بڑی بہن کی غیر موجودگی اور گھر کی ہنگامہ خیز صورتحال نے مجھ میں وقت سے پہلے ہی احساس ذمہ داری پیدا کر دی تھی۔
رنبیر نے بتایا کہ میرے والد کے ساتھ دوری کی وجہ بچپن کی تلخ یادیں تھیں، میرے والد تلخ مزاج تھے لیکن اچھے آدمی تھے، میرے والد ایسے شخص تھے جو اپنے خاندان، کام، کھانا اور شراب سے پیار کرتے تھے۔
اداکار نے کہا کہ میں نے اپنے والد کو کبھی ’نہیں‘ نہیں کہا تھا اور وہ مجھے جو کچھ کہتے تھے میں اس سے اتفاق کرتا تھا، اپنے والد کے سامنے ہمیشہ سر نیچے رکھتا تھا، میں نے اپنے والد کی آنکھوں کا کبھی رنگ نہیں دیکھا تھا۔
رنبیز کپور نے مزید کہا کہ ’میرے والد نے کبھی مجھ پر ہاتھ نہیں اٹھایا اور نہ ہی کبھی مجھ پر وہ چلائے، میرا اُن سے ڈرنے کی اہم وجہ بس یہ رہی کہ وہ مجھے ڈراتے ضرور تھے۔
واضح رہے کہ بھارتی سینئر اداکار رشی کپور اپریل 2020ء میں کینسر کے سبب انتقال کر گئے تھے۔