ہفتہ, دسمبر 28, 2024
اشتہار

ملک کے 74 فیصد لوگ اپنے ماہانہ اخراجات کس طرح پورے کرتے ہیں؟ رپورٹ میں اہم انکشافات

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : پاکستان میں حالیہ ہوشربا مہنگائی کے سبب لوگوں کو لاحق مالی پریشانیوں میں گزشتہ سال کی نسبت 14 فیصد اضافہ ہوگیا۔74فیصد پاکستانی اپنی محدود آمدنی کے باعث ماہانہ اخراجات پورے نہیں کرسکتے۔

یہ انکشاف پلس کنسلٹنٹ کے تازہ ترین سروے میں کیا گیا ہے، اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’سوال یہ ہے‘ میں پلس کنسلٹنٹ کے سی ای او کاشف حفیظ صدیقی نے اس حوالے سے ناظرین کو مزید تفصیلات سے آگاہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ ہم باقاعدہ ایک ترتیب کے ساتھ ملک کے 12 بڑے شہروں میں سروے کرتے ہیں اور یہ شہر ملک کی 60 فیصد سے زائد آبادی کی نمائندگی کرتے ہیں۔

- Advertisement -

انہوں نے بتایا کہ اس طرح سرویز میں 1200 سے 1300افرد ہوتے ہیں، 16جن کی عمر 16سے 60سال تک ہوتی ہے ان میں 60 فیصد مرد اور 40فیصد خواتین ہوتی ہیں جن سے ہم روز مرہ کے معاملات سے متعلق مختلف سوالات کرتے ہیں۔

ملک کی مڈل کلاس طبقے سے متعلق کیے جانے والے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ہمارے ہاں خاندانوں میں ایک گھر میں کم سے کم دو افراد کمانے والے ہوتے ہیں، لیکن مہنگائی کے باعث بجلی کے حالیہ بلوں میں اضافے اور اشیائے خوردونوش کی بڑھتی قیمتوں نے گھر کا سارا بجٹ بری طرح متاثر کیا ہے۔

کاشف حفیظ صدیقی نے بتایا کہ لوگوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے مہنگائی کا مقابلہ کرنے اور ماہانہ اخراجات پورے کرنے کیلئے بجلی کا استعمال بہت کم کرنے کے ساتھ کھانے پینے کی اشیاء سے بھی ہاتھ کھینچ لیا ہے۔

مہنگائی

اس ہوشربا مہنگائی میں تعلیمی اخراجات کے سوال پر انہوں نے بتایا کہ ہم نے لوگوں سے پوچھا کہ اگر آپ کو دو ہزار روپے اضافی دیئے جائیں تو آپ کیا خریداری کریں گے جس پر لوگوں کی بڑی تعداد نے بڑا حیران کن جواب دیا کہ بچوں کی پڑھائی کیلئے کاپی پینسل اور اسٹیشنری کا دیگر سامان لیں گے۔

پلس کنسلٹنٹ کی حالیہ سروے رپورٹ کے مطابق 74 فیصد پاکستانی اپنی موجودہ آمدن میں اپنے اخراجات پورے نہیں کر پا رہے۔

مئی 2023 میں ان کی تعداد 60 فیصد تھی، 74 فیصد افراد میں سے 60 فیصد نے اشیائے خورد و نوش سمیت دیگر اخراجات میں کمی کی، 40 فیصد نے اپنے اخراجات پورے کرنے کے لیے رقم ادھار پر لی۔

سروے کے مطابق ان 74 فیصد افراد میں سے 10 فیصد ایسے بھی ہیں جنہوں نے اخراجات کم کرنے اور رقم ادھار لینے کے ساتھ ساتھ اضافی جزوی نوکریاں بھی کیں۔

اخراجات کم کرنے والوں میں سے آدھے لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ ضروری اخراجات میں کمی کے باوجود کوئی رقم بچا نہیں پائے۔

 

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں