اسلام آباد: پاکستان اور ابوظہبی پورٹس کمپنی کے درمیان ریلوے، کسٹمز، ایئرپورٹ انفراسٹرکچر اور بحری امور شپنگ سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کیلیے مفاہمت کی 4 یاداشتوں پر دستخط کیے گئے۔
وزیر اعظم ہاؤس میں مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کیلیے پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیر اعظم شہباز شریف نے شرکت کی۔
اس موقع پر ڈپٹی وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر اطلاعا ت و نشریات عطا اللہ تارڑ، وزیر دفاع و ہوا بازی خواجہ آصف، وزیر تجارت جام کمال، وزیر بحری امور قیصر احمد شیخ، معاون خصوصی طارق فاطمی جبکہ متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے مملکت برائے خارجہ تجارت ڈاکٹر ثانی بن احمد الزویدی، کاہیل گروپ کے چیئرمین احمد دلموک المکتوم، منیجنگ ڈائریکٹر اور گروپ چیف ایگزیکٹو آفیسر، ابوظہبی پورٹس گروپ، کیپٹن محمد الشمیسی، پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر عبید ابراہیم سالم الزابی اور ابوظہبی پورٹس کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔
کوہاٹ-تھر-کھرلاچی ریلوے لائن کی تعمیر کیلیے پاکستان ریلویز اور ابو ظہبی پورٹس کمپنی کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے جس پر پاکستان کی جانب سے پاکستان ریلویز کے سی ای او عامر علی بلوچ جبکہ منیجنگ ڈائریکٹر اور گروپ چیف ایگزیکٹو آفیسر ابوظہبی پورٹس گروپ، کیپٹن محمد الشمیسی نے دستخط کیے۔
پاکستان کسٹمز کے محصولات میں اضافہ، ٹرانزٹ کارگو کی ٹریکنگ اور دیگر اصلاحات کیلیے ایف بی آر اور ابو ظہبی پورٹس کمپنی کے مابین مفاہمتی یادداشت پر پاکستان کی جانب سے ممبر کسٹم اینڈ آپریشنز محمد جنید جلیل خان جبکہ ابوظہبی پورٹس گروپ کی جانب سے کیپٹن محمد الشمیسی نے دستخط کیے۔
شپنگ، ڈریجنگ اور دیگر بحری امور میں تعاون پر پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کراچی پورٹ ٹرسٹ اور ابو ظہبی پورٹس کمپنی کے مابین مفاہمتی یادداشت پر پاکستان کی جانب سے ایگزیکٹوڈائریکٹر پاکستان نیشنل شیپنگ کارپوریشن خرم مرزا جبکہ ابو ظہبی پورٹس کمپنی کی جانب سے کیپٹن محمد الشمیسی نے دستخط کیے۔
پاکستان میں ائیرپورٹس کی تعمیر و توسیع کیلیے پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی اور ابو ظہبی پورٹس کمپنی کے مابین مفاہمتی یادداشت پر پاکستان کی جانب سے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل پاکستان ائیر پورٹ اتھارٹی صادق الرحمان نے جبکہ ابو ظہبی پورٹس کمپنی کی جانب سے کیپٹن محمد الشمیسی نے دستخط کیے۔
بعدازاں پاکستان اور ابوظہبی پورٹس کمپنی کے درمیان طے پانے والی مفاہمت کی یادداشتوں کا تبادلہ بھی کیا گیا۔