پاکستانی کرکٹرز پر کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر 30 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا گیا۔
انگلینڈ کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز کے بعد سے مختلف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر مجموعی طور پر 8 پاکستانی کرکٹرز پر 30 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
آل راؤنڈر عامر جمال پر سیاسی نعرے والی ٹوپی پہننے پر تقریباً 13 لاکھ روپے کا سب سے بھاری جرمانہ کیا گیا۔
یہ واقعہ گزشتہ سال اکتوبر میں انگلینڈ کے خلاف تین میچوں کی ہوم سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے دوران پیش آیا جب عامر جمال نے انٹرویو کے دوران سیاسی نعرے کی ٹوپی پہنی۔
اسی طرح تین قومی کرکٹرز کو نومبر 2024 میں قومی ٹیم کے وائٹ بال کے دورہ آسٹریلیا کے دوران ہر ایک کو پانچ لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا۔
نجی ویب سائٹ کی رپوٹ کے مطابق کرکٹرز کو ٹیم ہوٹل میں تاخیر سے پہنچنے پر جرمانہ کیا گیا ہے۔
وائٹ بال کے بعد جنوبی افریقہ کے دورے کے دوران، چار پاکستانی کرکٹرز سلمان علی آغا، صائم ایوب، عبداللہ شفیق اور عباس آفریدی پر کرفیو کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کیا گیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق تادیبی معاملات اور پابندیاں بورڈ کا اندرونی معاملہ ہے اور یہ بھی کہ وہ قومی کرکٹرز کی ساکھ کو روکنے کے لیے ایسی معلومات کو عام نہیں کرتا۔
یہ پیشرفت اس وقت سامنے آئی ہے جب قومی کرکٹرز آئی سی سی مینز چیمپئنز ٹرافی 2025 سے ٹیم کے جلد اخراج کی وجہ سے تنقید کی زد میں ہیں۔