ممبئی: گوری سپراٹ سے تعلقات کے باضابطہ اعلان کے بعد معروف بالی وڈ اسٹار عامر خان کی سابق اہلیہ کرن راؤ نے سابق شوہر کیلیے پہلا پیغام جاری کر دیا۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق فلمساز کرن راؤ نے انسٹاگرام پر عامر خان اور بچوں کے ساتھ گزارے یادگار لمحات کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے انہیں سالگرہ پر مبارکباد پیش کی۔
کرن راؤ نے انسٹاگرام پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ہماری زندگی میں وی وی وی آئی پی کو سالگرہ مبارک! گلے لگانے، ہنسانے اور ہمیشہ ہمارا ساتھ دینے کیلیے آپ کا شکریہ۔ ہم آپ سے محبت کرتے ہیں۔
View this post on Instagram
عامر خان اور کرن راؤ کی پہلی ملاقات فلم ’لگان‘ کے سیٹ پر ایک ساتھ کام کرتے ہوئے ہوئی تھی۔ انہوں نے 2005 میں شادی کی لیکن بدقسمتی سے 2021 میں دونوں نے مشترکہ فیصلہ کرتے ہوئے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔
کرن راؤ سے قبل عامر خان کی شادی رینا دتہ سے ہوئی تھی جن سے ان کے دو بچے ایرا خان اور جنید خان ہیں۔ بالی وڈ سپر اسٹار کی پہلی شادی 2002 میں ختم ہوئی تھی۔
سابق اہلیہ کی طرف سے سابق شوہر کیلیے سالگرہ کی مبارکباد ایک ایسے وقت میں دی گئی جب گزشتہ روز انہوں نے اپنے گھر پر منعقد ایک تقریب کے دوران میڈیا کے سامنے گوری سپراٹ کا تعارف کروایا۔
بالی وڈ اداکار کے مطابق وہ پچھلے ڈیڑھ سال سے گوری سپراٹ کے ساتھ ہیں لیکن ان کی دوستی 25 سال پرانی ہے۔ انہوں نے میڈیا کے سامنے گوری سپراٹ سے اظہارِ محبت کیا۔