اشتہار

عباس آفریدی کی تباہ کن بولنگ، اسلام آباد کو شکست

اشتہار

حیرت انگیز

ملتان سلطانز نے عباس آفریدی کی شاندار بولنگ کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ کو 52 رنز سے شکست دیتے ہوئے ہوم گراؤنڈ میں فتح کی ہیٹ ٹرک کرلی۔

تفصیلات کے مطابق ملتان اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے پی ایس ایل کے ساتویں میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 52رنز سے شکست دے دی۔

ایک سو اکانوے رنز ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 138 رنز پر ڈھیر ہوگئی، عباس آفریدی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

- Advertisement -

یہ بھی پڑھیں: ویڈیو: اسامہ میر کا شاندار کیچ

روسی وینڈرڈیوسن، جارح مزاج بیٹر اعظم خان، محمد وسیم جونیئر اور فہیم اشرف عباس آفریدی کا شکار بنے۔ محمد الیاس ، احسان اللہ اور اسامہ میر  نے بھی دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے روسی وینڈرڈیوسن نے جارحانہ 49 رنز بنائے جو ٹیم کے کام نہ آسکے، کولم منرو کے 31 رنز بھی رائیگاں گئے۔اس کے علاوہ یونائیٹڈ کو کوئی بیٹر شاندار کارکردگی نہ دکھاسکا۔

اس سے قبل ملتان سلطانز نے ڈیوڈ ملر کی دھواں دھار بیٹنگ کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 191 رنز کا ہدف دیا تھا۔

ڈیوڈ ملر نے صرف 25 گیندوں پر 52 رنز کی دھواں دھار اننگ کھیلی، ان کی اننگ میں 4 بلند وبالا چھکے اور تین چوکے شامل تھے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو ابتدا میں ہی درست ثابت ہوا۔ سلطانز کے اوپنر شان مسعود 3 کے انفرادی اسکور پر رومان رئیس کو وکٹ دے کر پویلین لوٹ گئے۔ تاہم اس کے بعد کپتان محمد رضوان کے ساتھ رلی روسو نے چارج سنبھالا اور میدان کے چاروں اطراف خوبصورت شاٹس کھیلے۔

دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 91 رنز کی پارٹنر شپ ہوئی۔ 95 کے مجموعے پر محمد رضوان نصف سنچری مکمل کرتے ہی شاداب خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ رلی روسو نے 36 رنز کی اننگ کھیلی۔

میچ کے آخری لمحات میں کیرون پولارڈ نے اپنے بلے سے جادو جگایا اور 21 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 32 رنز بنائے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شاداب خان، رومان رئیس، محمد وسیم اور ٹام کوران نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

دونوں ٹیموں نے آج کے میچ کے لیے ایک ایک تبدیلی کی ہے۔ ملتان سلطانز میں ثمین گل کی جگہ الیاس کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جب کہ اسلام آباد یونائیٹڈ میں آصف علی کی جگہ ابرار احمد نے پلیئنگ اسکواڈ میں جگہ پائی ۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں