کراچی: پاکستانی ماڈل و اداکارہ نے اچانک شوبز انڈسٹری کو خیرباد کہہ کر مداحوں اور ساتھی فنکاروں کو ورطہ حیرت میں مبتلا کردیا، اچھی خبر نہ سننے کے باوجود دوستوں اور مداحوں نے عائشہ خان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ عائشہ خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر شوبز انڈسٹری کو چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مداحوں اور چاہنے والوں کا شکریہ جنہوں نے مجھے ہمیشہ سراہا اور کام کی تعریف کرتے ہوئے میرے حوصلے کو بڑھایا۔
عائشہ خان نے کہا کہ اپنی زندگی کے اگلے مرحلے کی جانب قدم رکھتے ہوئے بہت فخر اور اطمینان محسوس کررہی ہوں اور آپ سے درخواست کرتی ہوں کہ اپنی دعاؤں میں ضرور یاد رکھیے گا۔
اپنے کیریئر کے بارے میں انہوں نے کہا کہ شوبز کے سفر میں اچھے اور باصلاحیت لوگوں ملاقات ہوئی جن سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا، میں نے ہمیشہ اپنے کام کو پیشہ وارانہ ذمہ داریاں سمجھتے ہوئے نبھایا۔
مزید پڑھیں: فلم جوانی پھر نہیں آنی نے باکس آفس پر نیا ریکارڈ قائم کردیا
واضح رہے کہ عائشہ خان نے کریئر کا آغاز 2003 میں کیا اُن کا پہلا ڈرامہ ‘تم یہی کہنا’ سرکاری ٹی وی سے نشر ہوا تھا، جس کے بعد اداکارہ نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور انڈسٹری میں اپنی فتح کے جھنڈے لہرائے۔
عائشہ خان نے گزشتہ برس اے آر وائی کے بینر تلے بننے والی فلم ’جوانی پھر نہیں آنی میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے جبکہ اداکارہ کا ایک ڈرامہ ’میری ننھی پری‘ اے آر وائی ڈیجیٹل پر جاری ہے۔ اداکارہ کے یوں اچانک انڈسٹری چھوڑنے پر جہاں کچھ لوگ شکوک و شبہات کا شکار ہیں وہی بہت سے لوگوں نے اُن کے بہترین اور روشن مستقبل کے لیے دعا بھی کی۔
ساتھی فنکار اظفر رحمان کا کہنا ہے کہ عائشہ خان نے ایک بہترین اداکارہ ہیں، ان کے مستقبل کے لیے دعاگو ہوں، انڈسٹری میں ان کی کمی محسوس ہوگی، اداکارہ طوبیٰ صدیقی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عائشہ میں تمھارے ساتھ اور کام کرنا چاہتی تھی مگر اب کیا کہہ سکتی ہوں، جہاں بھی جاؤں خوش و آباد اور مسکراتی رہو۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔