لاہور : اداکارہ میرا کے تکذیب نکاح کا فیصلہ ایک بار پھر لٹک گیا، فیملی کورٹ کی جج بشری خالد نے میرا کےکیس کی سماعت سے معذرت کر لی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کی فیملی کورٹ کی جج بشری خالد نے ذاتی وجوہات کی بناء پر اداکارہ میرا کیس کی سماعت سے معذرت کرتے ہوئے فائل سیشن جج لاہور کو واپس بھجوا دی، سیشن جج لاہور نے اداکارہ میرا کے وکیل کو یکم نومبر کر طللب کر لیا ہے۔
میرا کے وکیل کا کہنا تھا کہ اداکارہ میرا تقریبا نو سال سے انصاف کے لئے عدالتوں کے چکر لگا رہی ہیں مگر ایک بار پھر کیس لٹک گیا، اداکارہ میرا تمام سکیورٹی خدشات کے باوجود عدالت میں پیش ہو رہی تھیں۔
گذشتہ روز اداکارہ میرا اپنے وکیل کے ہمراہ آخری بار جج بشری خالد کے پاس کیس کی سماعت کے لئے پیش ہوئیں، میرا کی جانب سے عدالت میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ اس کی عتیق الرحمان کے ساتھ شادی نہیں ہوئی، نکاح کا دعوی جھوٹا ہے۔
مزید پڑھیں : اداکارہ میرا کو شادی سے روکا جائے‘ عتیق الرحمن کی درخواست
مؤقف میں کہا گیا تھا کہ عتیق الرحمان نے اسے بلیک میل کرنے کے لیے جعلی نکاح نامہ بنوایا جبکہ متعلقہ یونین کونسل نے بھی اسے بوگس قرار دیا ہے، جس کے بعد ثابت ہو چکا ہے کہ اس کی شادی نہیں ہوئی۔
داکارہ میرا کے وکیل نے استدعا کی تھی کہ عدالت جعلی نکاح نامے کو کالعدم قرار دے اور عتیق الرحمان کو میرا کا خاوند قرار دینے سے روکے ‘ درخواست میں مزید کہا گیا تھاکہ کہ جعلی نکاح نامہ بنانے پر عتیق الرحمان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے۔
عدالت کے روبرو میرا کے مبینہ شوہر عتیق الرحمن کی جانب سے عدالت میں متفرق درخواست دائر کرتے ہوئے میرا کو شادی سے روکنے کی استدعا کی گئی تھی، تاہم عدالت نے میرا کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔