لاہور: کینٹ کچہری کی عدالت نے اداکارہ میرا کے خلاف دائر نکاح پر نکاح کیس کی درخواست منظور کرتے ہوئےفریقین کو نوٹس جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کی مقامی عدالت نے منگل کے روز اسکینڈل کوئین اداکارہ میرا کے خلاف نکاح پہ نکاح کیس کی بحالی کے لیے عتیق الرحمان کی درخواست منظور کی۔
جوڈیشل مجسٹریٹ عظمت اللہ اعوان نے سماعت کی اور عتیق الرحمان کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے اداکارہ میرا کو نوٹس جاری کیا۔عدالت نے اسیکنڈل کوئین کو 2 مارچ کی سماعت میں وکیل کے ہمراہ پیش ہونے کی ہدایت کردی۔
مزید پڑھیں: اداکارہ میرا نے اپنے وکیل کو بیوقوف بنادیا
عتیق الرحمان نے موقف اختیار کیا کہ اداکارہ میرا ان کی منکوحہ ہیں مگر اس کے باوجود انہوں نے کیپٹن نوید سے نکاح کیا جو شرعی اور ملکی قوانین کے مطابق سنگین جرم ہے۔ درخواست گزار کا کہنا تھا کہ عدالت سنگین جرم کی مرتکب میرا کے خلاف کارروائی کرے ۔
یاد رہے کہ اس سے قبل تکذیب نکاح کا کیس فیملی کورٹ لاہور میں زیر سماعت تھا جس میں عدالت نے میرا کو عتیق الرحمان کی اہلیہ قرار دیا تھا۔
یہ بھی یاد رہے جوڈیشل مجسٹریٹ نے فیملی کورٹ میں کیس چلنے کی وجہ سے عتیق الرحمان کے کیس کو داخل دفتر کر دیا تھا جسے آج دوبارہ بحال کر دیا گیا۔
عدالتی فیصلہ
لاہور کی فیملی کورٹ نے گزشتہ برس مئی میں میرا کے تکذیب نکاح کے دعوے کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے مسترد اور خلع کو بنیاد بنا کر نکاح کو منسوخ کرنے کا حکم دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: اداکارہ میرا کا نکاح درست اور نکاح نامہ اصل ہے، عدالت
جج بابر ندیم نے اداکارہ میرا کے دعوے کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے ریمارکس دیے تھے کہ میرا عتیق الرحمان کی اہلیہ ہے اور دنوں کا نکاح نامہ بھی قانون کے عین مطابق جاری ہوا۔
عدالت نے فیصلے میں کہا تھا کہ میرا اور عتیق کے درمیان تنازع ڈیفنس کے گھر کی وجہ سے ہوا، دونوں نے ایک دوسرے کے خلاف فوج داری مقدمات درج کرائے تھے جو گزشتہ دس برسوں سے زیر التواء ہیں۔