لاہور: ستارہ امتیاز حاصل کرنے والی معروف اداکارہ مہوش حیات نے کہا ہے کہ شوبز انڈسٹری میں حسد اور بغض اپنی انتہا پر ہے، ایسے لوگوں سے ہمیشہ دور رہنے کی کوشش کرتی ہوں۔
تفصیلات کے مطابق نامور اداکارہ مہوش حیات نے کہا ہے کہ چیلنجنگ کردار نبھانا میرا شوق ہے، ہمیشہ اپنے کام سے کام رکھتی ہوں لیکن سمجھ سے بالاتر ہے کہ لوگ پھر بھی تنقید کے لیے آپ کو منتخب کرلیتے ہیں ایسے لوگوں کے لیے صرف ہدایت کی دعا کی جاسکتی ہے۔
مہوش حیات نے کہا کہ موجودہ دور میں جب قدم قدم پر مقابلے کا رجحان ہے کیا آپ سفارش سے کام حاصل کرسکتے ہیں میں نے جو مقام حاصل کیا ہے اس کے پیچھے مسلسل انتھک محنت ہے اور پھر مجھے اس کا پھل ملا۔
اداکارہ نے کہا کہ کسی بھی پراجیکٹ میں کردار کو اچھی طرح پرکھے بغیر کام کرنے کی حامی نہیں بھرتی اور جب میں ارادہ کرلیتی ہوں تو پھر اس کردار کو دل سے نبھاتی ہوں۔
مزید پڑھیں: اداکارہ مہوش حیات کا خود پر ہونے والی تنقید کا کرارا جواب
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ مہوش حیات نے خود پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ کسی مرد کو تمغہ امتیاز ملنے پر ایسی تنقید نہیں کی جاتی جس طرح مجھ پر کی گئی ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ یہ ہمارا قومی فرض بن چکا ہے کہ ہم کسی چیز پر ضرور بات کریں، کسی کی ذاتیات پر بات نہیں کرنی چاہئے چاہے وہ میں ہوں یا کوئی اور ہو، ہماری انڈسٹری کو اس پر کوئی نہ کوئی قدم اُٹھانا پڑے گا۔
یاد رہے کہ معروف اداکارہ مہوش حیات کو 23 مارچ کو صدر پاکستان عارف علوی جانب سے ستارہ امتیاز سے نوازا گیا تھا۔