منگل, نومبر 5, 2024
اشتہار

مشاورتی کونسل کا اجلاس: ایل او سی، بھارت میں احتجاج، کشمیر کرفیو پر گفتگو

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی زیرصدارت مشاورتی کونسل برائے امور خارجہ کا اجلاس ہوا، دوران اجلاس بھارت میں احتجاج، مقبوضہ کشمیر کرفیو اور ایل او سی سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق مشاورتی کونسل برائے خارجہ امور کے اجلاس میں شاہ محمود قریشی نے شرکا کو صدر سیکیورٹی کونسل کو لکھے خط کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا، مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر دنیا کے ساتھ سفارتی روابط کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

اس موقع پر وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ مودی سرکار کی ہندوتوا پالیسی پر پورا ہندوستان سراپا احتجاج ہے، بھارت میں پرامن مظاہرین کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے، بھارتی پولیس مسلم اکثریتی علاقوں میں گھروں میں گھس کرتشدد کررہی ہے، بی جے پی حکومت اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کا استحصال کر رہی ہے۔

- Advertisement -

ان کا کہنا تھا کہ خدشہ ہے بھارتی سرکار توجہ ہٹانے کے لیے فالس فلیگ آپریشن کرسکتی ہے، مقبوضہ کشمیر کے لاکھوں انسان 5 اگست سے کرفیو کا سامنا کررہے ہیں، آج مودی کے خلاف بھارت بھر میں شہری سراپا احتجاج ہیں۔

مودی سرکار اس حد تک آگے جا چکی کہ واپسی ممکن نہیں لگ رہی: وزیر خارجہ

خیال رہے کہ ہندوستان اور خطے میں تشویش ناک صورت حال پر شاہ محمود قریشی نے اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ یو پی میں علما کے ساتھ جو ناروا سلوک کیا گیا، اس پرہر ذی شعور کی آنکھیں نم ہیں، پریانکا گاندھی کو بھی پولیس نے مبینہ دھکے دیے اور گلہ دبانے کی کوشش کی۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ سمجھ سکتے ہیں کہ ہندوستان میں عام آدمی کے ساتھ پولیس کا رویہ کیا ہوگا، یہ کیفیت پورے ہندوستان میں پھیلتی جا رہی ہے، لیکن مودی سرکار ٹس سے مس نہیں ہو رہی، وہ اس حد تک آگے جا چکی ہے کہ واپسی ممکن نہیں لگ رہی، نہتے کشمیر کی آواز دبائی گئی مگر پورے ہندوستان کے عوام کو کیسے روکا جا سکتا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں