12.4 C
Dublin
منگل, مئی 14, 2024
اشتہار

سینیٹ اجلاس میں اعتزازاحسن کا شکوہ اور خواجہ سعد رفیق کا جواب شکوہ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ نواز شریف کی سازشوں کی داستان بہت طویل ہے اور ان سازشوں نے بی بی کی سیاسی زندگی کٹھن بنائی اور آصف زرداری کو 5 سال پابند سلاسل رکھا، جواباً خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ماضی میں غلطیاں کس سے نہیں ہوئیں لیکن ایک دوسرے پر تنقید کر کے ہم تیسرے کی مدد کریں گے.

ان کا خیالات کا اظہار انہوں نے سینیٹ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا، سینیٹراعتزازاحسن نے کہا کہ کچھ لوگ اداروں میں خلفشار پیدا کرنے کی مہارت رکھتے ہیں اور انہی لوگوں نے ماضی میں سپریم کورٹ پرحملہ کرایا اور 90 کی دہائی میں پیپلز پارٹی کے خلاف سازش کر کے حکومت گرائی.

انہوں نے کہا کہ ماضی میں نوازشریف نے اپنے ہی وزیراعظم کے خلاف سازش کی اور مسلم لیگ (ن) نے پیپلزپارٹی کی حکومت گرانے کے لیے پیسے پکڑے اور سابق صدر فاروق لغاری کے خلاف بھی سازش کی.

- Advertisement -

اعتزاز احسن نے کہا کہ اس کے برعکس پیپلزپارٹی نے جب مسلم لیگ (ن) پر برا وقت آیا تو 1999 میں نواز شریف کے خلاف سازش ہوئی تو ہم ان کے ساتھ کھڑے تھے بلکہ اس وقت کلثوم نواز آپ کا پیغام لائی تھیں لیکن آپ نے اپنے ماضی کچھ نہیں سیکھا.

اعتزاز احسن کی تقریر کے جواب میں وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ملک میں 4 مارشل لا لگے ہر وزیراعظم کو کرپٹ کر کے نکالا گیا، ہم نے بہت غلطیاں کیں اور انہوں نے بھی بہت غلطیاں کیں چنانچہ تنقید ان ایشوز پر کریں جن پر آپ نے غلطیاں نہ کی ہوں اگر ایک دوسروں کو طعنے دیں گے تو خدمت کسی اور کی کریں گے.

 


خواجہ سعد رفیق کی جوابی تقریر 


خواجہ رفیق نے کہا کہ سپریم کورٹ پر حملہ ہم نے نہیں بلکہ سجاد علی شاہ نےکیا تھا جو حکومت گرانے کے طریقے ڈھونڈ رہے تھے، کیا پارلیمان سب اداروں کی ماں نہیں ہے ؟

انہوں نے کہا کہ ہم نے کبھی دعوی نہیں کیا کہ کوئی ادارہ سازش میں ملوث ہے ایک اقامے کے بنیاد پر منتخب وزیراعظم کو نکالا گیا تو کیا منتخب وزیراعظم کو نکالنے پر ہم بات نہ کریں؟ کیا عدالتی فیصلے پاکستان میں آسمان سے اترتے ہیں؟

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ تاریخ کو مسخ کرنے کی کوشش نہ کریں، ہم اپنےاداروں سےمحاذآرائی کیوں کریں گے؟ پاناما لیکس عالمی سازش تھی جس کے کرداروں سے شکایت ہے لیکن محاذآرائی نہیں چاہتے، ہمارا کسی سے جھگڑا نہیں ہے اگر نیب عدالت کے باہر رینجرز کا ایشو نہ ہوتا تو اچھا ہوتا۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں