منگل, نومبر 5, 2024
اشتہار

نیوزی لینڈ سے شرمناک شکست کے بعد بھارتی کرکٹر کا اچانک ریٹائرمنٹ کا اعلان

اشتہار

حیرت انگیز

نیوزی لینڈ سے اپنی سر زمین پر تین ٹیسٹ میچوں کی ذلت آمیز شکست کے بعد ایک بھارتی کرکٹر نے اچانک ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔

دو روز قبل نیوزی لینڈ نے بھارت کو اسی کی سر زمین پر تین ٹیسٹ میچوں کی عبرت ناک وائٹ واش شکست دے کر تاریخ میں نام درج کرایا اور بھارتی ٹیم 25 سال بعد اپنے ہوم گراؤنڈ پر کلین سوئپ ہوئی۔

اس بڑی شکست کے بعد بھارتی شائقین کرکٹ سخت برہم ہیں اور ان کی جانب سے بشمول روہت شرما، ویرات کوہلی کھلاڑیوں کو ٹیم سے باہر کرنے کا مطالبہ زور پکڑتا جا رہا ہے۔

- Advertisement -

اس صورتحال میں ایک بھارتی کرکٹر نے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے تاہم یہ اعلان موجودہ ٹیم میں شامل کھلاڑی نہیں بلکہ تین سال سے ٹیم سے باہر وکٹ کیپر بلے باز ردھیمان ساہا کی جانب سے سامنے آیا ہے۔

ردھیمان ساہا جنہوں نے بھارت کی جانب سے 40 ٹیسٹ اور 9 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیل رکھے ہیں۔ دلچسپ بات ہے کہ انہیں آخری بار بھارت کی نمائندگی کا موقع بھی نیوزی لینڈ کے خلاف دسمبر 2021 میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں ملا تھا جس کے بعد وہ ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہے۔

40 سالہ ساہا نے کرکٹ کے ہر فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے اور یہ اعلان انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کے ذریعے کیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ حالیہ رنجی ٹرافی کا سیزن ان کا آخری سیزن ہوگا۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں مزید کہا کہ کرکٹ میں ایک یادگار سفر کے بعد یہ سیزن میرا آخری ہوگا۔ بنگال کی نمائندگی کرتے ہوئے رنجی ٹرافی میں آخری بار کھیلنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔ ہر ایک کا شکریہ جو اس ناقابل یقین سفر کا حصہ رہے ہیں، آپ کی حمایت میرے لیے بہت معنی رکھتی ہے۔ آئیے اس سیزن کو یادگار بنائیں۔

واضح رہے کہ ایم ایس دھونی کے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد ساہا طویل عرصے تک ہندوستان کے پہلی پسند وکٹ کیپر بلے باز رہے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے ہندوستانی وکٹ کیپروں کی فہرست میں ساہا دوسرے نمبر پر ہیں۔ انہوں نے ٹیسٹ کیریئر میں 3 سنچریوں کی مدد سے 1353 رنز بنائے ہوئے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں