ممبئی: بھارت کی ریاست آندھرا پردیش کے 29 سالہ نوجوان نے دعویٰ کیا ہے کہ بالی ووڈ اداکارہ ایشوریا رائے بچن نے مجھے 1988 میں مصنوعی طریقے سے لندن میں پیدا کیا اور اب میں اپنی ماں کے ساتھ رہنا چاہتا ہوں۔
تفصیلات کے مطابق ملکہ حسن کا ایوارڈ اپنے نام کرنے والی ایشوریا رائے 2007 میں بالی ووڈ اداکار ابھیشیک بچن کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں جس کے بعد اُن کے گھر 2011 میں بیٹی کی پیدائش ہوئی۔
بالی ووڈ اداکارہ اور سابق ملکہ حُسن متعدد بار بیٹی سے محبت کا اظہار کرچکی ہیں اور ایشوریا کا یہ بھی ماننا ہے کہ اگر آرادھیا رائے کی پیدائش نہیں ہوتی تو شاید زندگی اتنی خوشگوار نہ ہوتی۔
مگر اس بار ایک نیا تنازع کھڑا ہوگیا ہے کہ حیدرآباد دکن کے علاقے آندھرا پردیش کے رہائشی 29 سالہ نوجوان سنگیت کمار نے دعویٰ کیا ہےایشوریا رائے بچن اُن کی ماں ہے۔
نوجوان نے دعویٰ کیا کہ اُس کی پیدائش 1988 میں لندن میں ٹیسٹ ٹیوب کے ذریعے ہوئی جس کے بعد وہ 2 سال تک اپنے والد کرشنا راج اور والدہ ایشوریا رائے کے ساتھ رہے، نوجوان کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ جس وقت اُس کی پیدائش ہوئی ایشوریا رائے کی عمر 15 سال تھی۔
سنگیت کا مزید کہنا ہے کہ وہ 27 برس سے علیحدہ ہیں تاہم اب وہ اپنی والدہ کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں اور وہ انہیں بہت زیادہ یاد بھی کرتے ہیں۔
نوجوان سے جب اس دعویٰ سے متعلق ثبوت مانگے گئے تو اُس نے کہا کہ ’تمام ثبوت رشتے داروں نے ضائع کردیے ہیں‘۔
دوسری جانب ایشوریا رائے کے اہل خانہ یا بچن خاندان کی جانب سے دعوے پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔