کراچی: کوک اسٹوڈیو نے اپنے نئے آنے والے سیزن 11 کے لیے علی حمزہ اور زوہیب قاضی کو بطور میوزک پروڈیوسر منتخب کرلیا، دونوں موسیقار آنے والی قسط میں نئے انداز سے گانے ترتیب دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی میوزک انڈسٹری 2008 میں زوال کا شکار تھی کہ یک دم کوک اسٹوڈیو کا آغاز ہوا جس نے نہ صرف پاکستانی موسیقی کو جلا بخشی بلکہ اسے نئے انداز میں پیش کرتے ہوئے دنیا بھر میں پاکستانی نغموں کو پھیلایا۔
کوک اسٹوڈیو نے پاکستانی ثقافت کے رنگوں کو سیزنز کا حصہ بنایا جس کے باعث پاکستان کے گانوں کو دنیا بھر میں خوب پذیرائی بھی ملی، پہلے سیزن سے چھٹے سیزن تک میوزک پروڈیوسر کی ذمہ داریاں گٹارسٹ روحیل حیات نے انجام دیں۔
ساتویں سیزن سے میوزک کو ترتیب دینے کی ذمہ داریاں پاکستان کے معروف میوزیکل بینڈ اسٹرنگز نے اپنے سر لیں اور دسویں سیزن تک اسے بخوبی نبھایا تاہم بلال مقصود اور فیصل کپاڈیہ نے گزشتہ سیزن کے اختتام پر کوک اسٹوڈیو سے علیحدگی کا اعلان کردیا تھا۔ کوک اسٹوڈیو نے سیزن 11 کے لیے دو نئے پروڈیوسر پاپ میوزیکل بینڈ نوری کے علی حمزہ اور زوہیب قاضی کو منتخب کیا جو پاکستانی میوزک کی دنیا میں کافی عرصے سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔
کوک اسٹوڈیو کی جانب سے نئے پروڈیوسرز کا اعلان سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کیا گیا علاوہ ازیں یہ بھی اطلاع سامنے آئی کہ کامی پاؤل بینڈ بھی سیزن 11 میں اپنی خدمات انجام دیتا نظر آئے گا۔
Thrilled to welcome Zohaib Kazi & Ali Hamza as #CokeStudio‘s new producers.
Zohaib & Ali are both Coke Studio veterans, who have played an instrumental role in its success over the years.
Stay tuned as we embark on a most exciting new chapter of the Coke Studio Pakistan journey. pic.twitter.com/cxRt3vWHuj
— Coke Studio (@cokestudio) March 8, 2018
خیال رہے کہ سیزن 10 ختم ہونے کے بعد اسٹرنگز بینڈ نے اپنے فیس بک پیج پر اعلان کیا تھا کہ کوک اسٹوڈیو کے ساتھ ہمارا تعلق ختم ہوگیا اور یہ آخری سیزن تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ سیزن میں پروڈیوسر علی حمزہ تین ’تنک دھن، جند جانی، کاٹے نہ کٹے‘ گانے ترتیب دیے تھے جنہیں دنیا بھر میں بسنے والے سامعین اور دیگر میوزک سے وابستہ شخصیات نے بہت پسند کیا تھا۔