پشاور: خیبرپختونخواہ کے وزارت داخلہ نے رکن قومی اسمبلی اور پشتون تحفظ مؤومنٹ کے رہنما علی وزیر کو گرفتار کرکے سندھ پولیس کے حوالے کرنے کا حکم نامہ جاری کردیا۔
سندھ پولیس اور محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے علی وزیر کی حوالگی کے حوالے سے خیبرپختونخواہ محکمہ داخلہ کو خط لکھے گئے۔ پولیس نے اپنے خط میں لکھا کہ پی ٹی ایم کی 6 دسمبر کو کراچی میں ہونے والی ریلی میں علی وزیر نے ملک مخالف تقریر کی اور پاک فوج کے خلاف ہرزہ سرائی بھی کی۔
پولیس کی جانب سے بھیجے جانے والے خط میں کہا گیا ہے کہ علی وزیر کے خلاف مقدمہ درج ہے اور وہ مفرور بھی ہے، گرفتاری اور حوالگی کے حوالے سے خیبرپختونخواہ حکومت مدد فراہم کرے۔
دوسری جانب محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے ارسال کیے جانے والے خط میں کہا گیا ہے کہ علی وزیر کو گرفتار کر کے سندھ پولیس کے حوالے کیا جائے، علاوہ ازیں اُس کی گرفتاری کیلئےکراچی پولیس کی ٹیم تشکیل دےدی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: محسن داوڑ اورعلی وزیر کا ایجنڈا ایک بار پھر کھل کر سامنے آگیا
علی وزیر کے خلاف درج ہونے والی ایف آئی آر کی کاپی بھی اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی جس میں بتایا گیا ہے کہ رواں ماہ کی 6 تاریخ کو کراچی میں ہونے والے پی ٹی ایم جلسے میں علی وزیر نے خطاب کرتے ہوئے پاکستان اور پاک فوج کے خلاف ہرزہ سرائی کی جبکہ خطاب میں ملک مخالف باتیں بھی کیں۔
سندھ پولیس اور محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے موصول ہونے والے خطوط پر خیبرپختونخواہ کے وزارت داخلہ نے رکن قومی اسمبلی کو گرفتار کر کے حوالگی کی ہدایت کردی۔