لاہور: معروف اداکار و گلوکار علی ظفر نے لینہ غنی کے خلاف کارروائی کیلئےدرخواست دائر کردی۔ لینہ غنی سول کورٹ دعویٰ میں میشاشفیع کی گواہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق علی ظفر اور میشا شفیع کے درمیان قانونی جنگ طول پکڑتی جارہی ہے، فریقین کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا معاملہ طویل سے طویل تر ہوتا جارہا ہے۔
گلوکار علی ظفر نے لینہ غنی کیخلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا ہے اور اس سلسلے میں ایک درخواست دائر کی گئی ہے جس میں لینہ غنی کے خلاف کارروائی کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ لینہ غنی سول کورٹ دعویٰ میں میشا شفیع کی گواہ ہے، سوشل میڈیا پرمہم چلانےپر لینہ غنی کے خلاف کارروائی کیلئےایف آئی اے کو درخواست دی جس پر لینہ غنی نے غلط بیانی کرکے کارروائی رکوانے کیلئے جوابی درخواست دائر کردی۔
یہ بھی پڑھیں: علی ظفر پر ہراساں کرنے کا جھوٹا الزام لگانے والی خاتون نے معافی مانگ لی
درخواست گزار کا کہنا ہے کہ لینہ غنی نے جھوٹی درخواست دائر کرکے عدالت کو گمراہ کرنےکی کوشش کی لہذا لاہورہائیکورٹ سے استدعا ہے کہ لینہ غنی کیخلاف فوجداری کارروائی کا حکم دے۔
واضح رہے کہ 11 اکتوبر کو لاہو ہائیکورٹ نے گلوکار علی ظفر کے خلاف گلوکارہ میشا شفیع کی درخواست مسترد کردی تھی، میشا شفیع نے ہراساں کرنے کی اپیل مسترد ہونے کے فیصلے کے خلاف درخواست دائر کر رکھی تھی۔
اس سے قبل راک اسٹار علی ظفر پر ہراساں کرنے کا جھوٹا الزام لگانے والی خاتون نے معافی مانگ لی تھی ، صوفی نے گزشتہ برس میشاشفیع کےالزامات کے بعد علی ظفر پر ہراساں کرنے کا الزام لگایا تھا۔