کراچی میں ساتویں کلاس کی طالبہ کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بنانے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے تھانہ سچل کی حدود وائٹ ہاؤس کے قریب ساتویں کلاس کی طالبہ سے مبینہ زیادتی کے ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کی والدہ کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
مقدمے کے متن کے مطابق پڑوس کے گھر میں مزدور کام کررہے تھے بچی چائے دینے گئی جب تھوڑی دیر تک واپس نہ آئی تو میں نے جاکر دیکھا تو وہ روتے ہوئے ملی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ بچی اور ملزم کو میڈیکل کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد زیادتی کی تصدیق ہوسکے گی۔
واضح رہے کہ رواں سال اپریل میں کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں چھ سالہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا تھا۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ کا کہنا تھا کہ بچی سے زیادتی کے شواہد ملے ہیں، بچی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کیا گیا۔