جمعہ, جولائی 4, 2025
اشتہار

بالی وڈفلم اسٹار عامر خان آج 52ویں سالگرہ منارہے ہیں

اشتہار

حیرت انگیز

بالی وڈ کے معروف اداکارعامرخان آج اپنی 52 ویں سالگرہ منارہے ہیں‘ 33 سال پرمحیط فلمی کیرئیرمیں عامرخان نے کئی ریکارڈ بریکنگ فلمیں کی ہیں جن میں حال میں ریلیز ہونے والی فلم دنگل بھی شامل ہے۔ ان کی سالگرہ کے موقع پر ہم آپ کو دکھا رہے ہیں ان کی فلموں کے کچھ بہترین مناظر جو عامر خان کا حوالہ بن گئے ہیں۔

عامرخان ایک مشہور بھارتی اداکار فلمساز اور سکرپٹ رائٹرطاہرحسین کے گھر 14 مارچ 1965ء کوپیدا ہوئے۔ 1973ء میں اپنے چچا ناصر حسین کی فلم یادوں کی بارات میں بطور چائلڈ سٹار کے پہلی مرتبہ پردہ سکرین پر نمودار ہوئے۔

گیارہ سال بعد فلم "ہولی” میں کام کیا مگر انہیں فلمی دنیا میں کامیابی اور پذیرائی ان کے کزن منصور خان کی فلم قیامت سے قیامت سے ملی جو 1988ء میں ریلیز ہوئی۔ اس فلم میں انہیں بہترین ڈیبیو اداکار کا فلم فیئر ایوارڈ ملا۔

عامرخان کی 90 کی دہائی میں ان کی کئی مشہور فلمیں ریلیز ہوئیں جن میں راجہ ہندوستانی ، سرفروش ، بازی اور عشق وغیرہ شامل تھیں۔ 2000ء کے بعد ان کی اداکاری میں ایک بہت بڑی تبدیلی واقع ہوئی۔ جب انہوں نے لگان فلم میں کام کیا ۔ لگان فلم کو آسکر کے لیے بھی نامزد کیا گیا۔ لگان کے بعد انہوں نے کئی سپر ہٹ فلموں میں کام کیا جن کو بین الاقوامی سطح پر پذیرائی حاصل ہوئی ان فلموں میں منگل پانڈے ، تارے زمیں پر ، گجنی ، تھری ایڈیٹس‘ پی کے اوردنگل شامل ہیں۔

عامر خان نے ان فلموں میں حقیقی زندگی کی تصویریں پیش کرنے کی کوشش کی ۔ خاص طور پر تارے زمین پر اور تھری ایڈیئٹس تدریسی نظام میں موجود خرابیوں کی نشاندہی کے حوالے سے بہترین فلمیں تصور کی جاتی ہیں۔ ان کی فلمیں عام اور کمرشل موضوعات سے ہٹ کر ہوتی ہیں۔

پاکستان میں ’دنگل‘ نہیں سجےگا

معروف اداکار نے80 کے دہائی کے آخر میں رینا دت سے شادی کی۔ مگر ایک غیر مسلم کو ان کے خاندان نے بطور بہو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔یوں ابتداء میں ان کی یہ شادی خفیہ رہی۔ رینا سے عامر خان کے دو بچے ہیں ایک بیٹا اور ایک بیٹی۔

سنہ 2002ء میں عامر خان اور رینا کے درمیان طلاق ہوئی۔ 2005ء میں عامر خان نے کرن راؤ سے شادی کی جو بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر لگان میں کام کرچکی تھیں۔ عامر خان زیادہ تر اپنی فلموں پر توجہ دینے کے لیے مشہور ہیں۔ اس لیے اشتہارات اور ایوارڈ شوز زیادہ نظرنہیں آتے۔

2013ء میں ان کی فلم دھوم 3 نے ان کو اور بھی زیادہ مقولیت دے دی۔ دھوم 3 نے بالی وڈ کی ساری فلموں کے ریکارڈ توڑ دیے اور بالی وڈکی سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم بن گئی۔ فلم میں ایک گانا بھی تیار کیا گیا ، جس پر تقریباً 5کروڑ لاگت آئی۔ اس گانے کا نام ملنگ ملنگ تھا۔یہ گانا بالی وڈ کا سب سے مہنگا گانا ریکارڈ ہوا۔

حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم دنگل بھی مقبولیت کے تمام تر ریکارڈز توڑ چکی ہے ‘ عامرخان نے اس فلم کے لیے کافی محنت کی تھی۔ پہلے انہوں نے اپنا وزن بڑھایا تاکہ عمر رسیدہ پہلوان لگ سکیں اور اس کے بعد واپس اپنا وزن کم کرکے پہلوان کا روپ دھارا۔

عامر خان کی سب سے خاص بات کردار میں ڈھل جانا ہے جس کی ناقدین بھی تعریف کرتے ہیں‘ وہ اپنی ہرفلم میں کردار کے مطابق خود کو تبدیل کرتے ہیں اور ویسی ہی شخصیت اپناتے ہیں جیسا کہ کردار ہوتا ہے اور یہی ان کی مقبولیت اور کامیابی کا راز ہے۔

نوٹ: اس پوسٹ کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار نیچے کمنٹس میں کیجیئے

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں