ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما نے بھارتی انڈسٹری کے نامور ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی فلم میں سلمان خان کے مدمقابل کام کرنے سے انکار کردیا۔
بھارتی میڈیا میں قیاس آرائیاں جاری تھیں کہ سنجے لیلا بھنسالی نے اپنی نئی آنے والی فلم میں انوشکا شرما اور سلمان خان کو کاسٹ کرلیا جس کی شوٹنگ جنوری 2019 سے شروع ہوگی۔
انوشکا شرما کے مینیجر نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قیاس آرائیوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اداکارہ سنجے لیلا بھنسالی کے ساتھ کام کرنے کی خواہش مند ہیں مگر فی الحال اُن کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
انہوں نے بھارتی میڈیا سے گزارش کی کہ جھوٹی اور بے بنیاد خبریں پھیلانے سے قبل اُن کی تصدیق کرلی جائے تو بہتر ہے۔
دیکھیں: انوشکا ویرات شادی کی پہلی سالگرہ، مداحوں کے لیے خصوصی تحفے
یاد رہے کہ انوشکا شرما اور سلمان خان کی جوڑی دو سال قبل ریلیز ہونے والی فلم ’سلطان‘ میں ایک ساتھ جلوہ گر ہوئی تھی جسے شائقین نے بہت پسند کیا تھا۔
اداکارہ نے سنجے لیلا بھنسالی کے علاوہ ایک اور فلم میں کام کرنے سے انکار کیا تھا جس کے بعد قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں تھی کہ انوشکا کے گھر ننھے مہمان کی آمد متوقع ہے جس کی وجہ سے وہ نئے پراجیکٹ پر کام نہیں کررہیں۔
ویرات کوہلی کی اہلیہ نے تمام ناقدین کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’شادی کے بعد بہت سے لوگ آپ کے بارے میں جھوٹی اور بے بنیاد باتیں پھیلاتے ہیں، کوئی بھی خاتون شادی کو تو خفیہ رکھ سکتی ہے مگر حمل کو کسی صورت چھپایا نہیں جاسکتا‘۔
یہ بھی پڑھیں: شادی کے ایک سال بعد انوشکا نے خاموشی توڑ دی، ناقدین کو کرارا جواب
یہ بھی یاد رہے کہ انوشکا شرما آج کل اپنی نئی آنے والی فلم ’زیرو‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں جس میں وہ شاہ رخ خان اور کترینہ کیف کے ساتھ مرکزی کردار ادا کررہی ہیں۔