ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما کی نئی تصویر انٹرنیٹ پر وائرل ہوگئی جس میں وہ مشرقی لباس زیب تن کیے سڑک پر سے گز رہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق انوشکا شرما نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی سے گزشتہ برس دسمبر میں اٹلی کے شہر میلان میں شادی کی جس کے بعد وہ ہنی مون منانے کے لیے یورپ روانہ ہوئیں اور رواں دسمبر کے اختتام پر بھارت واپس لوٹیں۔
نوبیاہتا جوڑے نے وطن واپس پہنچ کر شادی کی اعزازی تقاریب منعقد کیں جن میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سمیت معروف سیاسی و شوبز شخصیات نے شرکت کر کے تقریب کو چار چاند لگائے۔
شادی کے بعد اب دونوں ویرات کوہلی اور انوشکا شرما اپنی پروفیشنل لائف میں واپس آگئے، کپتان کھیل کے میدان میں اترے تو انوشکا کی شوبز مصروفیات شروع ہوگئیں۔
دیکھیں: انوشکا بھوت بن گئیں، پہلی جھلک سامنے آگئی
گزشتہ دنوں انوشکا کی نئی فلم ’پری‘ کا ٹریلر جاری ہوا تاہم وہ آج کل نئی آنے والی فلم ’زیرو‘ کی شوٹنگ میں بھی مصروف ہیں علاوہ ازیں بالی ووڈ ادکارہ ایک اور فلم میں بھی جلوہ گر ہوں گی۔
یہ بھی دیکھیں: انوشکا اسکول دور میں کیسی نظر آتی تھیں؟ تصویر وائرل
بھارتی میڈیا کے مطابق انوشکا کی انٹرنیٹ پر وائرل ہونے والی تصویر دراصل اُن کی نئی فلم ’سوئی دھاگہ‘ کی شوٹنگ کے دوران لی گئی جس میں وہ نیلے رنگ کی ساڑھی پہنے کسی سڑک پر سے گزر رہی ہیں۔
ایک روز قبل ادارہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک تصویر شیئر کی تھی جس میں وہ ہاتھ میں سوئی دھاگہ لیے بیٹھی کپڑے پر کڑائی کرنے کی کوشش کررہی تھیں۔
بالی ووڈ خبروں کے مطابق یش راج پروڈکشن ہاؤس کے بینر تلے فلم سوئی دھاگہ بنائی جارہی ہے جس میں انوشکا اور ورون دھون مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں، یہ فلم مہاتما گاندھی کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے بنائی جاری ہے۔
ورون دھون کا کہنا ہے کہ ’انہیں بہت خوشی ہے کہ گاندھی سے لے کر مودی تک ہر بھارتی وزیراعظم نے بھارت میں ہی بنے کپڑے استعمال کیے جن پر ہاتھ سے کڑائی کی جاتی ہے‘۔